مفتاح اسماعیل کا جنرل سیکریٹری ن لیگ سندھ کے عہدے سے استعفے کا اعلان
مفتاح اسماعیل نے لکھا کہ ’پارٹی اور حکومت میں ذمہ داریاں سونپنے پر قیادت کا شکرگزار ہوں۔‘ (فوٹو: ٹوئٹر)
سابق وفاقی وزیر خزانہ نے مسلم لیگ ن سندھ کے جنرل سیکریٹری کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
سنیچر کو انہوں نے ن لیگ کے جنرل سیکریٹری احسن کے اقبال کے نام خط لکھا جس میں اپنا استعفیٰ پیش کیا۔
مفتاح اسماعیل نے لکھا کہ ’میں سندھ پاکستان مسلم لیگ ن کے جنرل سیکریٹری اور تمام پارٹی کمیٹیوں سے استعفیٰ دے رہا ہوں۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’پارٹی ڈھانچے میں ہونے والی تنظیم نو کے پیش نظر میرے خیال میں یہ وقت ہے کہ میں باقاعدہ طور پر اس بات کا اعلان کروں اور آگے بڑھوں۔‘
انہوں نے لکھا کہ ’پارٹی اور حکومت میں ذمہ داریاں سونپنے پر قیادت کا شکرگزار ہوں۔ پارٹی کے قائد میاں نواز شریف اور صدر شہباز شریف نے کئی برسوں سے میرے ساتھ مہربان رویہ اپنائے رکھا۔ میں ان کے اعتماد اور حمایت کا ہمیشہ شکرگزار رہوں گا۔‘
واضح رہے کہ مفتاح اسماعیل چند ماہ سے میڈیا پر حکومت کی معاشی پالیسیوں پر تنقید کرتے رہے ہیں اور کچھ دنوں سے میڈیا میں ان کے استعفے کی خبریں بھی گردش کر رہی تھیں۔
مفتاح اسماعیل کی زیادہ تنقید اس وقت سامنے آئی جب انہیں عہدے سے ہٹا کر اسحاق ڈار کو وزیر خزانہ بنایا گیا۔