Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حجاج کو طبی سہولیات: اوپن ہارٹ سرجریز، ڈائیلاسز سیشنز اور انڈوسکوپیز

چار ہسپتالوں میں جدید طبی سہولیات کے ساتھ 900 سے زیادہ بستروں کی گنجائش ہے۔ فوٹو واس
عازمین حج کو صحت کی تمام تر سہولیات بہم پہنچانے کے لیے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے ہسپتالوں اور صحت مراکز میں 19 جون سے اب تک 80,973 عازمین کو طبی امداد  اور دیگر سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی واس نے پیر کو رپورٹ کیا ہے کہ حجاج کرام کے لیے خصوصی صحت کی دیکھ بھال میں 23 اوپن ہارٹ سرجریز، 168 کارڈیک کیتھیٹرز، 464 ڈائیلاسز سیشنز اور 41 انڈو سکوپیز کی خدمات شامل ہیں۔
وزارت صحت نے کہا ہے کہ درجہ حرارت میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے جو حجاج کرام کی صحت کے لیے خطرہ ہے،حجاج  کی آگہی مہم میں خصوصی طور پر حج کے دوران گرمی سے بچاؤ سے آگاہ کیا جا رہا ہے۔
وزارت نے اس بات پر زور دیا کہ دھوپ سے بچاؤ کے لیے چھتریوں کا سایہ رکھیں، پانی اور جوسز کا استعمال وافر مقدار میں کریں،خاص طور پر دوپہر کے اوقات میں جسمانی مشقت سے گریز کریں۔
صحت کے رہنما اصولوں پر کاربند رہتے ہوئے حجاج کو ہیٹ سٹروک یا گرمی کے دباؤ سے محفوظ رہنے میں مدد مل سکتی ہے۔
دریں اثناء سعودی وزارت صحت کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ یوم عرفہ کے لیے عرفات میں موجود  ہسپتال حجاج کی ہر لمحے اور ہر طرح کی خدمات کے لیے تیار ہے، اس ہستپال سے میں ہر طرح کی طبی امداد فراہم کی جاتی ہے اور دیگر ابتدائی سہولیات بھی میسر ہیں۔

مختلف طبی شعبوں میں مہارت رکھنے والے 1700 سے زائد اہلکار موجود ہیں۔ فوٹو ٹوئٹر

وزارت کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ مشاعر مقدسہ میں جبل الرحمہ ہسپتال، عرفات جنرل ہسپتال، نمرہ ہسپتال، منیٰ ہسپتال اور مشرقی عرفات ہسپتال حجاج کی خدمات کے لیے موجود ہیں۔
علاوہ ازیں مختلف طبی شعبوں میں مہارت رکھنے والے 1700 سے زائد اہلکار جدید ٹیکنالوجی اور طبی سہولت کے سامان کے ساتھ جدید ترین طبی آلات سے لیس فیلڈ ہسپتال اور 46 مراکز صحت بھی خدمات فراہم کر رہے ہیں۔

عازمین کی 23 اوپن ہارٹ سرجریز، 168 کارڈیک کیتھیٹرزاور 464 ڈائیلاسز سہولیات پیش کی گئی ہیں۔ فوٹو واس

وزارت نے مزید بتایا ہے کہ گرم موسم کے پیش نظر سن  سٹروک، گرمی کی تھکن اور دیگر ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے انتہائی نگہداشت کے یونٹس کے ساتھ چار ہسپتالوں میں 900 سے زیادہ بستروں کی گنجائش ہے جو جدید طبی سہولیات سے مکمل طور پر لیس ہیں۔
 

شیئر: