رواں سال حج کے دوران 25,000 ہیلتھ پریکٹیشنرز کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ فوٹو عرب نیوز
سعودی وزارت صحت کے حکام نے رپورٹ کیا ہے کہ رواں سال حج سیزن کے دوران اب تک 43425 عازمین کوعلاج معالجے کے لیے خدمات فراہم کی گئی ہیں۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی ایس پی اے کے مطابق وزارت صحت کی جانب سے موصول ہونے والے یہ اعداد و شمار 31 مئی سے 3 جولائی کے درمیانی عرصہ کے ہیں۔
وزارت صحت نے رپورٹ میں بتایا ہے کہ اب تک پانچ عازمین کی اوپن ہارٹ سرجری کی گئی ہے جب کہ 66 مریضوں کی دل کی بیماری کے سبب طبی سہولت فراہم کی گئی ہے۔
182عازمین کو ڈائیلاسز کے سیشن کے لیے ہسپتال میں سہولیات دی گئی ہیں۔ دو مریضوں کی اینڈوسکوپکی کےعلاوہ 95 مریضوں کو مختلف قسم کے چھوٹے آپریشن کے لیے طبی سہولت فراہم کی گئی ہے۔
علاوہ ازیں اب تک 290 سے زائد عازمین کو علاج کی سہولت فراہم کرنے کے لیے مختلف ہسپتالوں میں داخل کیا گیا اور ایک خاتون کے ہاں بچے کی پیدائش کی رپورٹ بھی درج کی گئی ہے۔
وزارت صحت کے ورچوئل ہسپتال کے ذریعے چار کیسز بھی سامنے آئے ہیں جنہیں سٹروک کی کیفیت میں فرسٹ ایڈ فراہم کی گئی اس کے علاوہ 740 سے زائد عازمین نے وزارت صحت کے ہیلتھ ایپ کے ذریعے ہیلتھ کیئر ورکرز سے مشاورت کی ہے۔
وزارت صحت کی جانب سے مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ اور مناسک حج کی ادائیگی کے دیگر علاقوں میں 23 ہسپتال اور147 کلینک تیار کیے گئے ہیں۔
ان ہسپتالوں میں مریضوں کے لیے 4654 بستروں کی گنجائش موجود ہے، ہسپتالوں اور مختلف کلینکس میں انتہائی نگہداشت یونٹ میں داخل ہونے والے مریضوں کے لیے 1080 بستروں کی سہولت موجود ہے۔
سعودی عرب میں ماہ جولائی میں موسم گرم ترین ہونے کے باعث عازمین حج کو موسم کی حدت سے محفوظ رکھنے کے لیے بھی بندوبست کیا گیا ہے، عازمین حج کو گرمی سے نڈھال ہونے یا ہیٹ سٹروک لگنے کی صورت میں طبی سہولت فراہم کرنے کے لیے الگ سے 230 بستروں کی گنجائش رکھی گئی ہے۔
وزارت صحت نے رپورٹ میں بتایا ہے کہ رواں سال حج کے دوران سہولیات فراہم کرنے کے لیے 25,000 ہیلتھ پریکٹیشنرز کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔