مسجد الحرام کے قریب عازمین کے لیے مفت موبائل ڈینٹل کلینک
موبائل کلینک جدید ٹیکنالوجی اور آلات سے لیس ہے ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزارت صحت نے حج سیزن کے دوران عازمین حج کو مفت ڈینٹل ہیلتھ سروسز فراہم کرنے کے لیے ایک موبائل کلینک قائم کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق یہ کلینک مکہ میں مسجد الحرام کے مرکزی علاقے میں الحرام ایمرجنسی ہسپتال کے داخلی دروازے کے باہر ہے تاکہ اسے عازمین حج کے لیے قابل رسائی بنایا جا سکے۔
یہ منصوبہ ہیلتھ کیئر کے معیار اور کارکردگی کو بہتر بنانے اور مسجد الحرام آنے والوں کے لیے خدمات تک رسائی کو آسان بنانے کے وزارت کے ہدف کے مطابق ہے۔
اس منصوبے پر نجی شعبے کے اشتراک سے عمل درآمد کیا جا رہا ہے جس کی نمائندگی ایسین میڈیکل کمپنی کرتی ہے۔
اس کے چیئرمین ڈاکٹر محمد نزار شیبی نے عرب نیوز کو بتایا کہ ’موبائل ڈینٹل کلینک کے منصوبے کا آغاز اور ہیلتھ کیئر مسلسل دوسرے سال بڑے کامیاب منصوبوں میں سے ایک ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’اس کلینک کو قائم کرنے کا خیال عازمین حج کو دانتوں کے درد کے فوری حل کی خواہش سے پیدا ہوا کیونکہ دانت کے درد کے باعث مناسک سے توجہ بٹ سکتی ہے۔‘
ڈاکٹر محمد نزار شیبی نے کہا کہ ’عازمین درد میں رہتے ہوئے پرسکون محسوس نہیں کریں گے۔ لہٰذا ہم ان کے درد کو کم کرنے اور ان کے آرام کے لیے تمام مناسب حالات پیدا کرنے کے لیے مسجد الحرام کے قریب 24 گھنٹے موجود رہتے ہیں۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’اس کلینک نے اب تک ایک ہزار سے زیادہ عازمین حج کو تمام ضروری خدمات فراہم کی ہیں۔‘
واضح رہے کہ اگر مریضوں کو مزید طبی علاج کی ضرورت ہو تو انہیں ہسپتال منتقل کر دیا جاتا ہے۔
موبائل کلینک جدید ٹیکنالوجی اور آلات سے لیس 32 طبی اور سرجیکل ماہرین کے ذریعے ڈینٹل ہیلتھ سروسز کی خدمات فراہم کرتا ہے اور حج کے دوران 24 گھنٹے دستیاب ہے۔
سعودی وزارتِ صحت نے عازمین کو صحت کی سروسز فراہم کرنے کے لیے متعدد انیشیٹوز کا اہتمام کیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کی ایک رپورٹ کے مطابق 21 مئی سے مکہ اور مدینہ میں 81 ہزار سے زائد عازمینِ حج نے صحت کے حوالے سے سروسز حاصل کی ہیں جن میں اوپن ہارٹ سرجری، ڈائیلاسز سیشن اور اینڈوسکوپی آپریشن شامل ہیں۔
منٰی کے مقدس مقام پر جمرات پل کے علاقے میں 190 سے زائد ایمبولینسز اور 16 ایمرجنسی سینٹرز کا بیڑا تعینات کیا گیا ہے۔
یہ طبی سہولت سعودی حکومت کی طرف سے عازمینِ کی آمد ورفت کے تمام مقامات پر فراہم گئی ہے جو صحت کے حوالے سے ہونے والے اقدامات کا حصہ ہے۔