سعودی وزیر داخلہ نے سیکیورٹی آپریشن سینٹر 911 کا دورہ کیا
سعودی وزیر داخلہ نے سیکیورٹی آپریشن سینٹر 911 کا دورہ کیا
بدھ 28 جون 2023 22:34
مسجد الحرام کی نگرانی کے کیمرہ سسٹم کے بارے میں بریفنگ دی گئی (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر داخلہ اور سپریم حج کمیٹی کے چیئرمین شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نایف نے بدھ کو مکہ مکرمہ میں یونیفائیڈ سیکیورٹی آپریشن سینٹر 911 کا دورہ کرکے کام کا جائزہ لیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق وزیر داخلہ کو دورے کے دوران جدید ترین ڈیٹا کے تجزیوں میں مصنوعی ذاہت کی ٹیکنالوجی کے استعمال اور مسجد الحرام کی نگرانی کے کیمرہ سسٹم کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر نائب وزیر داخلہ ڈاکٹر ناصر بن عبدالعزیز الداود اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔
قبل ازیں مکہ میں حج سکیورٹی کمیٹی اور حج سکیورٹی فورسز کے رہنماؤں کے ساتھ ملاقات کے دوران شہزادہ عبدالعزیز نے رواں برس حج سیزن کے دوران سیکورٹی اور فوجی حکام کی کوششوں کو سراہا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’ سکیورٹی پلان کے نافذ کردہ مراحل کامیاب رہے ہیں اور عازمین حج کو مکہ پہنچنے تک کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑا ہے‘۔
شہزادہ عبدالعزیز نے منیٰ میں پبلک سکیورٹی ہیڈ کوارٹر میں حج کے لیے سکیورٹی اینڈ کنٹرول کمانڈ سینٹر میں کام پر پیش رفت کا جائزہ لیا تھا۔
انہوں نے مصنوعی ذہانت کی ایپلی کیشنز کا بھی معائنہ کیا جو سعودی ڈیٹا اور آرٹیفیشل انٹیلی جنس اتھارٹی کے تعاون سے تیار کی گئی ہیں جس کا مقصد مقدس مقامات، مسجد الحرام اور جمرات برج پر ہجوم کے دوران حج سکیورٹی فورسز کی مدد کرنا ہے۔