سعودی نان آئل سیکڑ کی کاروباری سرگرمیوں میں توسیع
جمعرات 6 جولائی 2023 0:01
پرچیزنگ مینیجرز کا انڈیکس بڑھ کر جون میں 59.6 ہو گیا (فوٹو: عرب نیوز)
سعودی عرب میں نان آئل سیکڑ کی کاروباری سرگرمیوں میں جون میں بڑے پیمانے پر توسیع دیکھنے میں آئی جو کہ سیاحت اور تعمیراتی شعبوں کی وجہ سے ہے۔
عرب نیوز کے مطابق مملکت کے پرچیزنگ مینیجرز کا انڈیکس مئی میں 58.5 سے بڑھ کر جون میں 59.6 ہو گیا۔
تاہم، جون کا اعداد و شمار جزوی طور پر اس آٹھ سالہ پیک سے کم ہے جو مملکت نے فروری میں دیکھا تھا جب انڈیکس 59.8 پی ایم آئی تک پہنچ گیا تھا۔
انڈیکس کے مطابق 50 نمبر سے اوپر کی ریڈنگ نمو ظاہر کرتی ہے جبکہ 50 سے نیچے والے سنکچن کا اشارہ دیتے ہیں۔
ریاض بینک کے چیف اکانومسٹ نایف الغیث نے کہا کہ ’ مملکت کا نان آئل پرائیویٹ سیکٹر دوسری سہ ماہی کے اختتام تک تیزی سے اوپر کی طرف بڑھتا رہا کیونکہ نئے کاروبار خاص طور پر تعمیراتی اور سیاحتی سرگرمیوں میں تیزی آئی۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ جون میں بڑھتی ہوئی طلب اور مارکیٹ کے حالات میں بہتری نے اگست 2015 کے بعد روزگار کی ترقی کو بلند ترین سطح پر پہنچا دیا۔
نایف الغیث نے کہا کہ ’ سپلائی چینز زیادہ مانگ کا مقابلہ کرنے کے قابل تھیں، کیونکہ لیڈ ٹائمز 13 سالوں میں تیز ترین شرح سے بہتر ہوئے جس نے صارفین سے وصول کی جانے والی قیمتوں میں مزید اضافے کو مؤثر طریقے سے محدود کیا‘۔
وژن 2030 میں بیان کردہ اہداف کے مطابق نان آئل پرائیویٹ سیکٹر کو مضبوط بنانا مملکت کی جاری معاشی تنوع کی کوششوں کا حصہ ہے جس کا مقصد تیل پر انحصار کو کم کرنا ہے۔
پی ایم آئی رپورٹ میں بتایا گیا کہ سعودی عرب میں کمپنیاں اپنی خریداری میں اضافہ کر رہی ہیں اور آنے والے مہینوں میں متوقع نمو کے لیے سٹاک کو مضبوط بنانے کی کوشش کر رہی ہیں جب کہ انوینٹری جمع کرنے کی شرح 10 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔
سروے میں مزید کہا گیا کہ کاروباری اداروں کے درمیان اعتماد مثبت رہا اور جنوری کے بعد سے بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔
رپورٹ کے مطابق کاروباری اعتماد میں اضافہ بنیادی طور پر تعمیراتی اور بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں میں حکومت کی حمایت یافتہ سرمایہ کاری سے ہوا۔