Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آسٹریلیا: انڈین نژاد شہری نے سابق گرل فرینڈ کو تاروں سے باندھ کر زندہ دفنا دیا

جیسمین کی والدہ کہتی ہیں کہ وہ قاتل کو کبھی معاف نہیں کریں گی (فائل فوٹو: ایس اے پولیس )
آسٹریلیا میں ایک شخص نے اپنی سابق گرل فرینڈ کو تاروں سے باندھ کر زندہ دفنا کر قتل کر دیا۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق انڈیا سے تعلق رکھنے والی 21 برس کی مقتولہ کا نام جیسمین کور تھا، وہ نرسنگ کی طالبہ تھیں۔
جیسمین کور کے سابق بوائے فرینڈ نے انہیں آسٹریلیا کے علاقے فلنڈرز رینجز میں تاروں سے باندھ کر زندہ دفنا دیا تھا۔
نائن نیوز کے مطابق بدھ کو ہونے والی سماعت میں عدالت نے اس واقعے کو مقتولہ کے سابق بوائے فرینڈ اور قاتل تاریک جوت سنگھ کی جانب سے ’بدلہ‘ لینا قرار دیا۔
تارک جوت سنگھ نے مارچ 2021 میں مقتولہ کو اغوا کرنے کے بعد قتل کیا۔ تارک نے رواں برس فروری میں اپنی سابق گرل فرینڈ کے قتل کا اعتراف کیا۔
اس نے جیسمین کو گڑھے میں زندہ پھینک دیا تھا جہاں سے پولیس کو مقتولہ کی لاش ملی۔
پراسکیوٹر کا کہنا ہے کہ تارک جوت سنگھ نے اپنی سابق گرل فرینڈ کو اس وجہ سے قتل کیا کیونکہ وہ بریک اپ کے بعد صدمے میں تھا جبکہ مقتولہ کی والدہ رش پال سنگھ کہتی ہیں کہ تارک اُن کی بیٹی کے پیچھے پڑا ہوا تھا۔ اسے جیسمین نے سینکڑوں مرتبہ مسترد کیا تھا۔
نائن نیوز کے مطابق تارک جوت سنگھ نے مقتولہ کو ایڈیلیڈ سے اغوا کیا جہاں پر وہ کام کرتی تھیں۔ اغوا کرنے کے بعد انہوں نے جیسمین کو گاڑی کی ڈِگی میں ڈالا اور چار گھنٹوں کی مسافت طے کر کے زندہ دفنا دیا۔
جیسمین کی آنکھوں پر پٹی بندھی ہوئی تھی اور اس کے جسم کو تاروں اور ٹیپ سے باندھا گیا تھا۔
پراسکیوٹر کارمین میٹیو کہتی ہیں کہ یہ ایک ’غیر معمولی ظلم‘ والا جرم ہے۔

تارک جوت سنگھ نے جیسمین کو گڑھے میں زندہ پھینک دیا تھا جہاں سے پولیس کو مقتولہ کی لاش ملی (فائل فوٹو: سیون نیوز)

 انہوں نے کہا کہ ’انہیں لگاتار زندہ تڑپنا پڑا ہو گا، جسے ایسے کہہ سکتے ہیں کہ وہ ایک سانس لینے، مٹی میں مرنے کا خوفناک عمل ہو گا۔‘
اے بی سی نیوز کے مطابق مقتولہ کی والدہ کہتی ہیں کہ ’میں سوچتی ہوں کہ وہ خوفناک مناظر کا سلسلہ ہو گا۔ میں سوچتی ہوں اسے کب محسوس ہوا ہو گا کہ وہ مر رہی ہے۔‘
’اسے بچانے والا کوئی نہیں تھا۔ اس نے دنیا میں اپنے آخری گھنٹے بدترین انسانیت سوزی دیکھ کر گزارے۔ جیسمین چلی گئی ہے اور میرا دل ٹوٹ چکا ہے۔ وہ نہایت قیمتی لڑکی تھی۔‘
جیسمین کی والدہ کہتی ہیں کہ وہ قاتل کو کبھی معاف نہیں کریں گی۔

شیئر: