گورنر ریاض سے سعودی عرب میں نئے امریکی سفیر کی ملاقات
گورنر ریاض سے سعودی عرب میں نئے امریکی سفیر کی ملاقات
اتوار 9 جولائی 2023 20:39
ملاقات میں فریقین نے خوشگوار ماحول میں تبادلہ خیال کیا (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی دارالحکومت ریاض کے گورنر شہزادہ فیصل بن بندر نے اتوار کو اپنے دفتر میں سعودی عرب میں نئے امریکی سفیر مائیکل ایلن ریٹنی کا خیر مقدم کیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ملاقات میں فریقین نے خوشگوار ماحول میں تبادلہ خیال کیا۔
یاد رہے کہ اس سال 27 اپریل کو نئے امریکی سفیر نے باضابطہ طور پر اپنی اسناد سفارت پیش کی تھیں۔
مائیکل ایلن ریٹنی کو امریکی صدر جو بائیڈن نے سفیر نامزد کیا تھا امریکی سینیٹ نے 14 مارچ کو اس کی توثیق کی تھی۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی عرب میں امریکی سفیر اس سے قبل امریکی سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے فارن سروس انسٹیٹیوٹ میں تعینات تھے۔
وہ اپنے کیریئر میں سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ میں لیوانٹ، اسرائیل اور فلسطینی امور کے نگراں ڈپٹی اسسٹنٹ رہ چکے ہیں، اور شام کے لیے نمائندہ خصوصی بھی تھے۔ اس سے قبل وہ یروشلیم میں امریکی کونسل جنرل بھی رہے۔
سفیر کے طور پر نامزدگی پر مائیکل ایلن ریٹنی نے کہا تھا کہ’ وہ سعودی عرب اور امریکہ کے درمیان ایک مضبوط اور پائیدار شراکت داری کے لیے پرعزم ہیں جو امریکی مفادات کو فروغ دے اور امریکی اقدار کو اجاگر کرے‘۔
ان کا کہنا تھا کہ ’وہ سکیورٹی تعاون اور ٹریننگ کے ذریعے سعودی دفاع کو مضبوط کرنا چاہتے ہیں‘۔