Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نئے پاکستانی سفیر احمد فاروق نے اسناد سفارت پیش کردیں

دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مضبوط کرنے کے لیے کام کریں گے ( فوٹو: ٹوئٹر پاکستانی ایمبیسی)
سعودی عرب میں پاکستان کے نئے سفیر احمد فاروق نے منگل کو سعودی عرب کے نائب وزیر برائے پروٹوکول امور عبدالمجید السمری کو اسناد سفارت کی کاپی پیش کردی۔
یاد رہے کہ پیر کو نئے پاکستانی سفیر احمد فاروق نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں لکھا تھا کہ ’انہوں نے بطور پاکستان کے سفیر سعودی عرب میں چارج سنبھال لیا ہے‘۔
ان کا کہنا تھا کہ’ وہ پاکستان کے سفیر کی حیثیت سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مضبوط کرنے کے لیے کام کریں گے‘۔
سعودی عرب آمد سے قبل احمد فاروق نے صدر عارف علوی اور وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر سے بھی ملاقات کی تھی۔
ملاقات میں صدر مملکت نے کہا تھا کہ سعودی عرب کے ساتھ اقتصادی و تجارتی تعلقات مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘دونوں برادر ممالک کے باہمی فائدے کے لیے تجارتی و اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینا ہو گا۔ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔‘
وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر سے ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وفاقی وزیر نے سعودی عرب کو پاکستانی برآمدات بڑھانے کے لیے زراعت و ٹیکنالوجی کے شعبے میں جارحانہ مارکیٹنگ کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر نے احمد فاروق کی نامزدگی کے بعد ان سے ملاقات میں کہا  تھا کہ ’سفیر کی تعیناتی سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔‘
حنا ربانی کھر نے سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کے ساتھ مکمل تعاون پر بھی زور دیا تھا۔

شیئر: