عاجل نیوز کے مطابق ٹرانسلیشن ایجنسی کے نگران احمد بن عبدالعزیز الحمیدی کا کہنا ہے کہ حرمین شریفین میں زائرین کی سہولت کے لیے حج سیزن کے دوران 10 عالمی زبانوں میں خطبہ جمعہ اوردروس کے ترجمے براہ راست ایف ایم کی سہولت سے دنیا بھر میں 2 لاکھ 8 ہزار سے زائد افراد مستفیض ہوئے۔
ترجمہ پروگرام ’احکام حج اورمقاصد‘ کے عنوان سے شروع کیا گیا تھا۔ مہم کا آغاز ذوالحجہ کی یکم سے کیا گیا جو 20 ذوالحجہ 1444 تک جاری رہا ۔
منارۃ الحرمین کے پلیٹ فارم سے یومیہ 20 پروگرام نشر کیے جاتے تھے جن میں مناسک حج کی ادائیگی اوراحکامات کے بارے میں مختلف زبانوں میں اہم معلومات فراہم کی جاتی رہیں۔
واضح رہے ترجمہ مہم ادارہ امورحرمین کے تحت حج سیزن کے لیے خصوصی طورپرشروع کی جاتی ہے۔ ماہ رمضان المبارک میں بھی عمرہ زائرین کی سہولت کے لیے خطبہ جمعہ کے ترجمہ کی سہولت فراہم کی جاتی ہے۔
حج سیزن میں ترجمہ مہم کا مقصد بیرون مملکت سے آنے والے لاکھوں حجاج کرام کوانکی زبان میں حج سے متعلق امورکے بارے میں آگاہی فراہم کی جاسکے۔