سبق نیوز کے مطابق ادارہ ٹریفک پولیس نے دھواں دینے والی گاڑیوں کے ملکان کو خبردار کیا ہے کہ وہ گاڑی کو روڈ پرلانے سے قبل اس کی اصلاح کرلیں بصورت دیگر خلاف ورزی ریکارڈ ہونے کی صورت میں انہیں 500 سے 900 ریال تک جرمانے کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔
ٹریفک پولیس کا اس حوالے سے مزید کہنا تھا کہ دھواں دینے والی گاڑی کو چلانے سے جہاں مالک کو چالان کا سامنا کرنا پڑتا ہے وہاں اس دھوئیں سے نہ صرف ماحول بلکہ گاڑی کے مالک کی صحت کو بھی نقصان کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
اس لیے ضروری ہے کہ گاڑی کو روڈ پرلانے سے قبل اس کا تفصیلی معائنہ کرایا جائے اگرگاڑی سے دھواں خارج ہوتا ہے تو اسے پہلی فرصت میں درست کرانا ضروری ہے۔
واضح رہے سعودی عرب میں گاڑیوں کی سالانہ بنیاد پرچیکنگ ہوتی ہے جسے عربی میں ’فحص دوری‘ یعنی گاڑی کی فٹنس کہا جاتا ہے۔
سالانہ فٹنس سرٹیفکیٹ اس وقت تک جاری نہیں کیا جاتا جب تک گاڑی مکمل طورپردرست نہ ہو۔ دھواں چھوڑنے والی گاڑی کو قطعی طورپرفٹنس سرٹیفکیٹ جاری نہیں کیاجاتا۔
گاڑی کے دھواں چھوڑنے کے دو اسباب ہیں جن میں انجن کے رنگ پسٹن کی خرابی اوردوسرا کاربوریٹریا پیٹرول کنٹرولنگ سسٹم کا خراب ہونا ہوتا ہے۔