ٹرالریا ٹرک کو اوورٹیک کیسے کریں، ٹریفک پولیس کا انتباہ
ٹرالریا ٹرک کو اوورٹیک کیسے کریں، ٹریفک پولیس کا انتباہ
منگل 11 جولائی 2023 12:16
ٹریفک قوانین کا مقصد لوگوں کی جان و مال کا تحفظ ہے(فوٹو، ٹوئٹر)
ادارہ ٹریفک پولیس کی جانب سے شاہراہوں پرچھوٹی گاڑیوں کے ڈرائیوروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ ٹرالر یا بڑی گاڑیوں کو اوورٹیک کرتے وقت احتیاطی تدابیر پرسختی سے عمل کیاجائے۔
سبق نیوز کے مطابق ادارہ ٹریفک کے ٹوئٹرپرجاری احتیاطی تدابیر کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ ٹریفک قوانین کا مقصد لوگوں کی جان ومال کا تحفظ ہے۔
شاہراہوں یا شہر کے اندر ہیوی ڈیوٹی گاڑیاں جن میں بڑے ٹرک اورٹرالرز شامل ہیں کو اوورٹیک کرتے وقت 4 احتیاطی امور کا خاص خیال رکھا جائے تاکہ کسی قسم کی مشکل صورتحال کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ٹریفک پولیس نے انفوگرافک میں ان امورکی وضاحت کرتے ہوئے کہا گیا ہےکہ چھوٹی گاڑی کے ڈرائیور کو چاہئے کہ جب بھی وہ کسی ہیوی ڈیوٹی وھیکل کے پاس سے گزرے تو اس بات کا خاص خیال رکھا جائے کہ گاڑی اورٹرالر کے درمیان مناسب فاصلہ ہو۔
شاہراہ پرٹرک یا ٹرالر کو اوورٹیک کرتے ہوئے اس بات کی یقین دہانی کرلی جائے کہ عقب میں کوئی گاڑی تو نہیں آرہی۔ سنگل ٹریک روڈ ہونے کی صورت میں ٹرک کو اوورٹیک کرنے سے قبل سامنے سے آنے والی گاڑی کا خیال رکھیں اس وقت تک اوورٹیک نہ کریں جب تک سامنے کی سائیڈ سے آنے والی گاڑی گزر نہ جائے۔
ٹرک یا ہیوی وھیکل کو اوورٹیک کرنے سے قبل اشارہ دیں تاکہ ٹرک ڈرائیورمتنبہ ہوجائے۔ اوورٹیک کرنے کے دوران بڑی گاڑی کے درمیان (سائیڈ) میں فاصلہ زیادہ رکھیں۔
ٹرک کو کراس کرنے کے بعد فوری طورپراس کے سامنے اپنی گاڑی نہ لائیں بلکہ کچھ دور آگے جانے کے بعد گاڑی کو اپنے ٹریک پر لایا جائے۔
واضح رہے ٹریفک پولیس کی جانب سے وقتا فوقتا احتیاطی تدابیر کے بارے میں لوگوں کو متنبہ کرایا جاتا ہے جس کا مقصد حادثات کی روک تھام اورلوگوں کی جان ومال کو تحفظ فراہم کرنا ہے۔