پی اے ایم اے نے اپنی پریس ریلیز میں کہا ہے کہ ’مالی سال 2023 میں گزشتہ برس کی نسبت 55 فیصد کمی کے ساتھ ایک لاکھ 26 ہزار 879 یونٹس فروخت ہوئے۔
اس میں پی اے ایم اے کے علاوہ فروخت ہونے والے یونٹس کو شامل کیا جائے تو تعداد لگ بھگ ایک لاکھ 43 ہزار بنتی ہے جو کہ گزشتہ برس کی نسبت 56 فیصد کم ہے۔
بیان کے مطابق گاڑیوں کے پرزوں کی عدم دستیابی، قیمتوں میں اضافہ، آٹو فنانسنگ کا مہنگا ہونا اور صارفین کی قوت خرید میں کمی گاڑیوں کی فروخت کی شرح گرنے کی بنیادی وجوہات ہیں۔
ہنڈا اٹلس
ہنڈا اٹلس کی فروخت میں جون میں 253 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور اس کے 307 یونٹس فروخت ہوئے۔ ہنڈا کی زیادہ فروخت کی وجہ پرزوں کی دستیابی ہے۔
مجموعی طور پر سال 2023 میں ہنڈا کے 19 ہزار 879 یونٹس فروخت ہوئے جو گزشتہ برس کی نسبت 57 فیصد کم ہیں۔
سوزوکی پاکستان
پاکستان سوزوکی موٹرز کی گاڑیوں میں فروخت میں جون کے مہینے میں مجموعی طور پر دو فیصد اضافہ ہوا۔ سوزوکی بولان کی فروخت میں پچھلے ماہ کی نسبت 67 فیصد اور ویگن آر کی فروخت میں 11 فیصد اضافہ ہوا۔
سوزوکی نے مالی سال 2023 میں مجموعی طور پر 65 ہزار 364 یونٹس فروخت کیں جو گزشتہ برس کی نسبت 57 فیصد کم ہے۔
انڈس موٹرز
انڈس موٹرز نے جون میں مجموعی طور پر 1846 یونٹس فروخت کیں اور یوں ماہانہ بنیادوں پر اس کی سیلز میں سات فیصد اضافہ جبکہ پچھلے برس کی نسبت 58 فیصد کمی ہوئی۔
مالی سال 2023 میں انڈس موٹرز کی 31 ہزار 104 یونٹس فروخت ہوئیں۔
ہیونڈائی
ہیونڈائی کی جون کی فروخت میں 11 فیصد اضافہ ہوا، جون میں ٹسان کے 313 یونٹس جبکہ النڑا کے کے 88 یونٹس فروخت ہوئے۔
ٹریکٹر
ٹریکٹرز میں ملت ٹریکٹرز کی جون 2023 کی فروخت میں پچھلے ماہ کی نسبت 42 فیصد اضافہ ہوا اور اس کے دو ہزار 136 یونٹس فروخت ہوئے جبکہ الغازی ٹریکٹرز نے 57 فیصد کمی کے ساتھ 854 یونٹس فروخت کیے۔
مالی سال 2023 میں ٹریکٹر انڈسٹری کی کل فروخت 30 ہزار 942 یونٹس تک پہنچ گئی جو سیلاب، پلانٹس کی بندش، صارفین کی کم قوت خرید اور زیادہ قیمتوں کی وجہ سے سالانہ 48 فیصد کم ہے۔
موٹر بائیکس
جون 2023 میں پاکستان میں بائیکس کی فروخت میں ماہانہ 15 فیصد اور جبکہ سالانہ بنیادوں پر 42 فیصد کمی ہوئی۔
اٹلس ہنڈا نے 75 ہزار یونٹس فروخت کیے جو ماہانہ 14 فیصد اضافہ ہے جبکہ پچھلے سال کی نسبت 32 فیصد کمی ہے۔
ٹرک اور بسیں
جون 2023 میں پاکستان میں ٹرکوں اور بسوں کی فروخت میں تین فیصد ماہانہ جبکہ سالانہ 75 فیصد کمی ہوئی۔ جون میں ٹرکوں اور بسوں کے 149 یونٹس فروخت ہوئے۔
مالی سال 2023 میں مجموعی طور پر ٹرکوں اور بسوں کے تین ہزار 836 یونٹس فروخت ہوئے۔
پی اے ایم اے کے مطابق اس کمی کی وجہ نقل و حمل کی سرگرمیوں میں کمی اور مجموعی معیشت میں سست روی ہے۔