Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حرمین شریفین میں 1444ھ کا آخری جمعہ، لاکھوں حجاج اور تارکین شریک

سیکیورٹی اہلکار صورتحال پر نگاہ رکھے ہوئے تھے۔ (فوٹو عاجل)
لاکھوں حجاج، مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں نے 1444ھ کا آخری جمعہ مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں ادا کیا۔
عاجل، العربیہ نیٹ اور سبق ویب سائٹس کے مطابق حرمین شریفین انتظامیہ کے ترجمان ھانی حیدر نے بتایا کہ ’1444ھ کے آخری جمعے کی نماز کے حوالے سے مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں نمازیوں کے لیے زبردست انتظامات کیے گئے تھے‘۔
ترجمان نے بتایا کہ ’آنے جانے کے دروازے نمازیوں کے لیے کھول دیے گئے تھے۔ الیکٹرانک زینوں سے نمازیوں کو مختلف منزلوں میں نماز کے لیے آنے جانے کے حوالے سے منظم کیا گیا۔‘

حجاج اور دیگر لوگوں نے نئے سال کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔ (فوٹو العربیہ نیٹ)

ھانی حیدر نے کہا کہ ’جمعے کی نماز میں مسجد الحرام کی تمام منزلیں نمازیوں سے بھر گئی تھیں۔ سیکیورٹی اہلکار امن و امان کی صورتحال پر نظر رکھنے کے لیے پوری طرح چوکس تھے‘۔
ھانی حیدر نے بتایا کہ 11 سمارٹ روبوٹس نے جراثیم کش ادویہ کا چھڑکاؤ کیا تاکہ نمازی ہر طرح کی آلودگی سے محفوظ رہیں۔ موسم خوشگوار رکھنے کے لیے پانی کی پھوار کا بھی انتظام تھا‘۔
نمازی صبح سویرے ہی سے حرمین شریفین  پہنچنا شروع ہوگئے تھے۔

دونوں مقدس مساجد کے اطراف کے راستے نمازیوں سے بھرے تھے۔ (فوٹو ایس پی اے)ْ

دوسری جانب مسجد نبوی کے صحن بھی نمازیوں سے بھرے ہوئے تھے۔ آس پاس کے راستے اور تجارتی مراکز کی راہداریاں بھی نمازیوں سے بھر گئی تھیں۔
حجاج اور زائرین نے اس موقع پر امت مسلمہ اور دنیا بھر کے انسانوں کی صلاح و فلاح کے لیے خشوع و خضوع کے ساتھ دعائیں کیں۔ انہوں نے دعاؤں میں اس بات کو بھی شامل کیا کہ نیا ہجری سال 1445 دنیا بھر کے مسلمانوں اور انسانوں کے لیے امن و استحکام، خوشحالی اور ترقی کا سال ثابت ہو۔
حجاج اور زائرین نے حج مقامات اور ان کے منتظمین اور سعودی عوام کو بھی اپنی دعاؤں میں شامل رکھا۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں
 
 

شیئر: