پراسیکیوشن کی بڑی کارروائی ، دھوکہ دہی میں ملوث 12 رکنی گروہ گرفتار
پراسیکیوشن کی بڑی کارروائی ، دھوکہ دہی میں ملوث 12 رکنی گروہ گرفتار
پیر 17 جولائی 2023 14:37
سادہ لوح لوگوں غیرقانونی کرپٹو کرنسی میں سرمایہ کاری کی ترغیب دیتے تھے(فوٹو، ٹوئٹر)
ادارہ پراسیکیوشن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ انسداد مالیاتی جرائم کی ٹیم نے دھوکہ دہی میں ملوث 12 رکنی گروہ کو گرفتار کرلیا۔ ملزمان بھاری منافع کا جھانسہ دے کرلوگوں کو لوٹا کرتے تھے۔
سبق نیوز کے مطابق گروہ جس میں سعودی شہری اورغیرملکی شامل ہیں سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔ ابتدائی تفتیش کے دوران اس بات کا انکشاف ہوا کہ گروہ کے ارکان لوگوں کو غیرقانونی ڈیجیٹل کرنسی میں سرمایہ کاری کرنے کی ترغیب دیتے اوردھوکے سے حاصل کی گئی رقم بیرون ملک منتقل کرتے تھے۔
پراسیکیوشن کے ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ گروہ میں شامل افراد مختلف کالنگ ایپس کے ذریعے سادہ لوح افراد کو یہ ظاہرکرتے تھے کہ وہ بیرون مملکت سے کال کررہے ہیں۔
ملزمان اپنے شکار کو غیرمعروف اورغیرقانونی ڈیجیٹل کرنسی میں سرمایہ کاری کی ترغیب دیتے ہوئے یہ ظاہر کرتے کہ ڈیجیٹل کرنسی میں سرمایہ کاری کرکےغیرمعمولی منافع کمایا جاسکتا ہے۔
ملزمان نے مملکت کے مختلف بینکوں میں اکاونٹ بھی کھولے ہوئے تھے جہاں وہ رقم منگواتے اوراسے فوری طورپر بیرون مملکت منتقل کردیتے تھے۔
ابتدائی تفتیش میں مزید انکشاف ہوا کہ گروہ میں سے کچھ افراد نے اپنا فرضی سی وی سوشل میڈیا پراپ لوڈ کیا جس میں انہوں نے اپنا فرضی تجربہ درج کرتے ہوئے یہ ظاہر کیا کہ انہیں ایک غیرملکی کمپنی میں روزگار ملا ہے جو آن لائن کام کرتی ہے جس کے عوض وہ ماہانہ اچھی تنخواہ وصول کررہے ہیں تاکہ دوسروں کو اس جانب راغب کیاجاسکے۔
گروہ کے طریقہ واردات کے حوالے سے تفتیش میں معلوم ہوا کہ ملزمان اپنے شکار پر مسلسل نگاہ رکھنے کےلیے معروف ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی کی جعلی یونیفارم استعمال کرتے تھے۔
گروہ کے ٹھکانے کی تلاشی لینے پروہاں سے متعدد الیکٹرانک ڈیوائسز ، کمپیوٹرز ، مختلف موبائل سمز ، موبائل سیٹس اورمخصوص موبائل جن کے ذریعے کالنگ سم کو فعال کیا جاتا تھا بھی برآمد کرلی گئیں۔
ملزمان کے خلاف دھوکہ دہی کا مقدمہ دائرکرلیا گیا ہے جہاں سے انکا کیس کرمنل کورٹ کو ارسال کیاجائے گا۔