Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی شہریوں اور غیرملکیوں سے فراڈ، دمام میں جرائم پیشہ گروہ گرفتار

گروہ  سرکاری اور تجارتی ویب سائٹس کے جعلی لنکس بھی استعمال کررہا تھا۔ (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں ریاستی سلامتی کے ادارے نے دمام میں سرکاری عہدیدار کے بھیس میں اداروں اور عام افراد کو دھوکہ دینے والے جرائم پیشہ گروہ کو گرفتار کیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ریاستی سلامتی کے ادارے نے بیان میں کہا کہ ’جرائم پیشہ گروہ ٹیلی فونک رابطہ سسٹم استعمال کر کے دھوکہ دہی کی وارداتوں کے لیے سرکاری اور تجارتی ویب سائٹس کے جعلی لنکس بھی استعمال کر رہا تھا۔‘
’جرائم پیشہ گروہ کئی سعودی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو دھوکہ دینے میں کامیاب ہو گیا تھا۔‘
ریاستی سلامتی کے ادارے نے بتایا کہ ’دمام میں ایک ضمیر فروش اپنے گھر کو مجرمانہ سرگرمیوں کے ٹھکانے کے طور پر استعمال کر رہا تھا۔ گھر پر کمیونیکیشن نیٹ ورک موجود تھا جس کے ذریعے لوکل نمبرز سے رابطے کیے جا رہے تھے۔‘
ریاستی سلامتی کے ادارے نے شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو انتباہ کیا کہ ’وہ مشکوک رابطوں کے دھوکے میں نہ آئیں۔ رابطہ کار کے کسی بھی پیغام کا جواب نہ دیں۔ اپنی شناخت اور بینک اکاؤنٹ کے بارے میں دریافت کی جانے والی اطلاعات کسی قیمت پر فراہم نہ کریں۔‘
’اگر مبینہ گروہ کی جانب سے کوئی مشکوک رابطہ ہو تو اس کی اطلاع انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ کمیونیکشن کمیشن کو پہلی فرصت میں دی جائے۔‘

شیئر: