پاکستان میں بینائی سے محروم افراد، کنگ سلمان ریلیف سینٹر کے میڈیکل کیمپس کا آغاز
منگل 18 جولائی 2023 12:11
پاکستان میں اندھے پن اور اس کی وجہ سے ہونے والی بیماریوں کے علاج کے لیے کنگ سلمان ریلیف سینٹر نے 12 میڈیکل کیمپوں کو سپانسر کیا ہے۔
منگل کو اسلام آباد میں سینٹر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ کیمپ البصر انٹرنیشنل فاؤنڈیشن کی معاونت اور الابراہیم آئی ہسپتال کراچی کے تعاون سے منعقد کیے جا رہے ہیں۔
ان کیمپوں کا مقصد ایسے افراد کو آنکھوں کی دیکھ بھال کی جدید سہولیات فراہم کرنا ہے جو خصوصی علاج تک رسائی سے محروم ہیں یا اس کی استطاعت نہیں رکھتے۔
یہ میڈیکل کیمپ صوبہ سندھ اور بلوچستان کے دیہی اور شہری علاقوں میں لگائے گئے ہیں جہاں آنکھوں کی دیکھ بھال کے وسائل محدود ہیں۔
اس پروگرام کا بنیادی مقصد آنکھوں سے متعلق مسائل کا ابتدائی مرحلے میں پتہ لگانا اور ان کا ازالہ کرنا ہے۔
پچاس ہزار سے زیادہ طبی معائنے اور پانچ ہزار سے زائد سرجریز اور بینائی کی اصلاح کے لیے ڈاکٹروں کی تجویز کردہ ادویات کے ساتھ 12,000 چشمیں بھی ان پروگرام کے تحت فراہم کیے جائیں گے۔
طبی کیمپ کراچی، ماتلی، شکارپور، کنڈیرو، خاران اور قلات کے شہروں میں منعقد کیے جا رہے ہیں جس سے ان علاقوں کے رہائشیوں کو آنکھوں کی دیکھ بھال کی خصوصی خدمات سے استفادہ کرنے اور اپنی بینائی دوبارہ حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔
ان میڈیکل کیمپوں کے ذریعے کنگ سلمان ریلیف سینٹر ہزاروں مریضوں کی زندگیوں میں نمایاں تبدیلی لانے کے علاوہ ان افراد کی بینائی کی بحالی اور روشن مستقبل کی امید فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔