’غلاف کعبہ کی تبدیلی کے مناظر زندگی کا سرمایہ ‘، زائرین کے تاثرات
’غلاف کعبہ کی تبدیلی کے مناظر زندگی کا سرمایہ ‘، زائرین کے تاثرات
بدھ 19 جولائی 2023 15:30
لاکھوں زائرین نے یہ مناظراپنے کیمروں میں محفوظ کیے(فوٹو، ایس پی اے)
غلاف کعبہ کی تبدیلی کی تقریب کے دوران مسجد الحرام میں موجود عمرہ زائرین کا کہنا ہے کہ اتنے خوبصورت مناظر کبھی نہیں دیکھے۔ کسوہ کعبہ کی تبدیلی کے لمحات کو الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں۔
عاجل نیوز کے مطابق گزشتہ شب ہربرس کی طرح سال ہجری کے پہلے دن غلاف کعبہ کو تبدیل کیا گیا۔ اس موقع پرلاکھوں افراد مسجد الحرام میں موجود تھے جنہوں نے تمام مناظر دیکھے جبکہ ٹی وی چینلز نے بھی کسوۃ کعبہ کی تبدیلی کے مناظر براہ راست نشر کیے۔
اس موقع پروہاں موجود بعض زائرین نے اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے کہا کہ ’زندگی میں یہ پہلا موقع ہے کہ ہم براہ راست یہ مناظردیکھ رہے ہیں۔ اس سے قبل اپنے ملک میں رہتے ہوئے ٹی وی پرغلاف کعبہ کی تبدیلی کے مناظردیکھا کرتے تھے مگر آج کی شب ہمیشہ کے لیے ہماری زندگی میں اہمیت اختیار کرگئی ہے کیونکہ ان خوبصورت اورمنفرد مناظرکا ہم براہ راست مشاہدہ کررہے ہیں۔
مسجد الحرام میں موجود ایک خاتون عمرہ زائرکا کہنا تھا کہ ’ میرے لیے یہ سفرایک نعمت سے کم نہیں کیونکہ مجھے وہ موقع ملا ہے جس کے بارے میں کبھی سوچا بھی نہ تھا‘ ۔
ایک نوعمر زائر کا کہنا تھا کہ ’ان خوبصورت لمحات کے احساسات کو الفاظ میں بیان ہی نہیں کیا جاسکتا‘۔
واضح رہے ہربرس کی طرح امسال بھی ہجری سال نو کی یکم تاریخ کو غلاف کعبہ تبدیل کیا گیا اس موقع پرمسجد الحرام میں موجود افراد نے ان مناظرکو نہ صرف دیکھا بلکہ غلاف کعبہ کی آمد سے لے کراس کی تبدیلی کے لمحات کو اپنے کیمروں میں بھی محفوظ کیا۔