سعودی وزارت خارجہ میں سویڈن کے ناظم الامور کی طلبی، احتجاجی یادداشت حوالے
جمعہ 21 جولائی 2023 18:07
گھناؤنی سرگرمیاں روکنے کے لیے فوری اور ضروری اقدامات کرنے کا کہا گیا ( فوٹو: اے پی)
سعودی وزارت خارجہ نے جمعے کو مملکت میں متعین سویڈن کے ناظم الامور کو طلب کرکے قرآن کی بے حرمتی کے واقعے پر احتجاجی یادداشت حوالے کی ہے۔
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق سعودی دفتر خارجہ نے 20 جولائی 2023 کو سویڈن کے حکام کی جانب سے قرآن کریم کی بے حرمتی اور اس کے نسخے جلانے کے حوالے سے اجازت نامے جاری کرنے کے غیر ذمہ دارانہ عمل کی مذمت کی تھی۔
بیان میں کہا گیا کہ ’اسی تناظر میں دفتر خارجہ نے مملکت میں متعین سویڈن کے سفارتخانے کے ناظم الامور کو طلب کرکے احتجاجی یادداشت حوالے کی ہے‘۔
احتجاجی یادداشت میں سعودی عرب کی جانب سے سویڈن کے حکام سے مطالبہ کیا گیا کہ’ ان گھناؤنی سرگرمیاں روکنے کے لیے فوری اور ضروری اقدامات کیے جائیں‘۔
بیان میں کہا گیا کہ ’یہ سرگرمیاں تمام مذاہب کی تعلیمات کے خلاف ہیں اور یہ بین الاقوامی قوانین و رویات سے بھی مطابقت نہیں‘۔
احتجاجی یادداشت میں سعودی عرب کا موقف پیش کرتے ہوئے کہا گیا کہ ’اس قسم کی تمام سرگرمیوں کو پوری قوت سے مسترد کرتے ہیں اور سمجھتے ہیں کہ اس قسم کی حرکتوں سے مذاہب عالم کے درمیان نفرت کو ہوا ملتی ہے‘۔
قبل ازیں سعودی وزارت خارجہ نے جمعرات کو ایک بیان میں سویڈش حکام کے غیر ذمہ دارانہ اقدامات اور بعض انتہا پسندوں کو قرآن کریم کے نسخوں کو نذرآتش اور بے حرمتی کرنے کی بار بار اجازت دینے کی سخت الفاظ میں مذمت کی تھی۔
سعودی وزارت خارجہ نے بیان میں کہا تھا کہ وہ سویڈن کے ناظم الامور کو طلب کریں گے اور مملکت کی جانب سے احتجاجی پیغام ان کے حوالے کریں گے جس میں سویڈش حکام کو ان ذلت آمیز کارروائیوں کو روکنے کے لیے تمام فوری اور ضروری اقدامات کی درخواست کی جائے گی، اقدامات جو تمام مذہبی تعلیمات اور بین الاقوامی قوانین اور اصولوں کی خلاف ورزی کرتے ہیں۔
خیال رہے کہ سویڈش پولیس نے جمعرات کو سٹاک ہوم میں عراقی سفارتخانے کے باہر سلوان مموکا سمیت دیگر مظاہرین کو ایک مرتبہ پھر قرآن کریم کا نسخہ جلانے کی اجازت دی تھی۔
گزشتہ ماہ عراقی شہری سلوان مموکا نے سٹاک ہوم کی مسجد کے باہر قرآن کریم کے نسخے کو نذر آتش کیا تھا جس پر مسلمان ممالک کی جانب سے شدید ردعمل دیکھنے میں آیا تھا۔