Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

طائف: سیر ت النبیؐ کانفرنس، حسن قرأت اور اسلامی معلومات کا مقابلہ

طائف (ابو علی بڈانی) گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ خالد الفیصل کی جانب سے’’ ہم مسلمان بہترین رول ماڈل کیسے بن سکتے ہیں ‘‘کے عنوان سے ایک اہم مہم کا آغاز کیاگیا تھا۔ اس مہم کے تحت مکتب التعاون للدعوۃ والارشاد الطائف کے زیر اہتمام سیرت النبیؐ کانفرنس کا مقامی قصر میں انعقاد ہوا جس میں مقامی و بیرون ملک سے تشریف لائے ہوئے علمائے کرام نے مختلف موضوعات پر خطاب کیا۔ تقریب میں پاکستانی، انڈین ، بنگلہ دیشی ، سری لنکن اور دیگر ممالک کے اردو بولنے اور سمجھنے والے سیکڑوں افراد نے شرکت کی۔اس کانفرنس میں پاکستان انٹرنیشنل اسکول طائف اور انڈین انٹرنیشنل اسکول طائف کے طلباء و طالبات کے درمیان حسن قرأت اور اسلامی معلوماتی سوال وجواب کا مقابلہ ہوا۔ جس میں گزشتہ سال کی طرح اس مرتبہ بھی پاکستان انٹرنیشنل اسکول طائف کے طلباء و طالبات نے اول پوزیشن حاصل کی جس سے پاکستانی کمیونٹی میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ بعدازاں اس پر علمائے کرام نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلمان بھٹک رہے ہیں۔ حالانکہ قرآن مجید ہمارے لئے ایک ایسا پیغام ہے جس پر اگر ہم عمل پیرا ہوں اور اس پاک کتاب میں بتائے گئے راستے پر چلیں تو اس دنیا کے ساتھ آخرت میں بھی کامیاب ہونگے۔ مقررین نے کہا کہ ہم اور ہماری نوجوان نسل واٹس ایپ ، فیس بک اور ٹویٹر وغیرہ کے چکر میں پڑ گئے ہیں مگراس پاک ذات کی جانب سے بھیجے گئے پیغام کو بھول گئے ہیں جو قرآن پاک کی شکل میں ہمیں ملا ہے۔ جس پر عمل پیرا ہونے میں ہماری کامیابی و کامرانی ہے۔ مقررین نے کہا کہ آجکل واٹس ایپ یا فیس بک وغیرہ پر من گھڑت احادیث کا حوالہ دیکر امت کو گمراہ کیا جارہا ہے ہمیں جو بھی اس طرح کا پیغام ملتا ہے ہم بغیر تصدیق کئے آگے بھیج دیتے ہیں ۔ اس سے ہم بھی اس گناہ میں برابر کے شریک ہوجاتے ہیں۔ ہمیں چاہئے کہ اگر اس طرح کا کوئی بھی پیغام ملے تو پہلے کسی عالم دین سے اسکی تصدیق کرلیں۔ پھر اسے آگے بھیجیں۔ بعض ایسے پیغامات آئے ہیں جس سے قسمیں دی جاتی ہیں کہ اگر یہ پیغام آپ نے آگے نہ بھیجا تو آپ کو نقصان ہوگا حالانکہ یہ سب غلط ہے صرف اللہ پاک کی ذات پر بھروسہ رکھنا چاہئے جو بھی ہونا ہوتا ہے سب خدا کے اختیار میں ہے۔ اس کانفرنس کے آخر میں کامیاب ہونے والے طلباء و طالبات کو انعامات سے نوازا گیا۔ طائف میں اردونیوز کو بلا تفریق بہترین رپورٹنگ کرنے پر ادارہ جالیات کی جانب سے سرٹیفکیٹ سے نوازا گیا۔ شیخ یاسر الجابری، شیخ عبدالمنان راسخ ، شیخ ڈاکٹر امام اللہ اور ادارہ جالیات عزیزیہ کے سربراہ اور تقریب کے میزبان ررحمت اللہ بالی، شیخ مقبول احمدسلفی، شیخ ضیاء الحق، شیخ جابر رضا سلفی، شیخ نواز احمد ، شیخ عمران احمد سلفی، شیخ شمعون المدنی، فیاض عبدالباری، شیخ حافظ افتحار اور شیخ عبدالمجید وغیرہ علمائے کرام نے خطاب کیا۔ سوال جواب اور قرأت کے مقابلے میں کامیابی پر پاکستانی کمیونٹی نے طلباء وطالبات ، اساتذہ اور بالخصوص اسکول کے پرنسپل قیصر خان کو مبارکباد پیش کی۔ پاکستان انٹرنیشنل اسکول طائف کے طلباء و طالبات جن میں حبیبہ فاروق، طیبہ یاسین ، خلود ذاکر، اسوہ راحیل، نہال حبیب، حیات اللہ شاکر، ہدایت اللہ، کاشف عامر، عبداللہ ساجد نے حصہ لیا اور اول پوزیشن حاصل کرتے ہوئے کامیاب رہے۔

شیئر: