Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آذربائیجان سے ماہانہ ایل این جی کا ایک جہاز خریدے گے: وزیراعظم

پاکستان اور آذربائیجان کے مابین پٹرولیم کی صنعت میں معاہدے کی دستاویزات پر دستخط کیے گئے۔ (فوٹو: حکومت پاکستان)
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آذربائیجان اور پاکستان کے درمیان ایل این جی معاہدے سے باہمی تعلقات کی نئی راہیں کھلیں گی۔
سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق پیر کو گورنر ہاؤس لاہور میں پاکستان اور آذربائیجان کے مابین پٹرولیم کی صنعت میں تعاون کے معاہدے کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ آج کا دن دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات کے حوالے سے ایک اہم دن ہے۔ حکومت پاکستان آذربائیجان سے ماہانہ ایک جہاز ایل این جی خریدے گی۔
انہوں نے کہا کہ خریداری کا اختیار پاکستان کے پاس ہو گا جس سے ایل این جی نہ خریدنے پر ہرجانہ نہیں ہو گا۔ اس معاہدے سے ملک میں سستی ایل این جی میسر آئے گی اور یہ انرجی کے بحران سے نمٹنے میں بہت بڑی پیش رفت ثابت ہو گی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اس معاہدے کی مدت ایک برس تک ہے جس کو مزید ایک برس تک بڑھایا جا سکے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس پٹرولیم معاہدے کے حوالے سے گزشتہ برس آذربائیجان میں صدر الہام علیوف سے مفید گفتگو ہوئی تھی۔ وزیرمملکت ڈاکٹر مصدق ملک سیکریٹری پٹرولیم اور وزیر خرانہ اسحاق ڈار اور ان کی ٹیم نے اس معاہدے میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا ۔
اس موقع پر آذربائیجان کے سفیر نے کہا کہ یہ معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کی عکاسی ہے اور دو طرفہ تجارت کے حجم میں اضافے کے لیے اہم پیش رفت ہے۔ اس معاہدے سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید بہتر ہوں گے۔
بعدازاں پاکستان اور آذربائیجان کے مابین پٹرولیم کی صنعت میں معاہدے کی دستاویزات پر دستخط کیے گئے۔ گورنر پنجاب بلیغ الرحمن، وزیر مملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک، سیکریٹری پٹرولیم ، پاکستان میں آذربائیجان کے سفیر، آذر بائیجان کی پٹرولیم کمپنی کی چیف ایگزیکٹو ودیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔

شیئر: