مسلسل تیسری بار آؤٹ،’بابر اعظم ہمیشہ جے سوریا ہی کیوں؟‘
مسلسل تیسری بار آؤٹ،’بابر اعظم ہمیشہ جے سوریا ہی کیوں؟‘
بدھ 26 جولائی 2023 12:47
سات اننگز میں چھ مرتبہ بائیں ہاتھ کے سپنر نے پاکستانی کپتان کو پویلین بھیجا: فوٹو اے ایف پی
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان کی پوزیشن مستحکم ہے تاہم ایک مرتبہ پھر سے کپتان بابر اعظم بڑا سکور کرنے میں ناکام رہے ہیں۔
کولمبو میں کھیلے جا رہے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن پاکستان سری لنکا کو دوسری اننگز میں بڑی برتری دینے میں کامیاب ہوگیا ہے لیکن سری لنکا کے بائیں ہاتھ کے سپنر پرباتھ جے سوریا نے ایک مرتبہ پھر بابر اعظم کو آؤٹ کر دیا ہے۔
بابر اعظم 39 رنز بنا کر پرباتھ جے سوریا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ اس سیریز میں بابر اعظم کو پرباتھ جے سوریا نے مسلسل تیسری جبکہ مجموعی طور پر چھٹی مرتبہ آؤٹ کیا ہے۔
یہاں دلچسپ بات یہ ہے کہ دونوں حریفوں کو ایک دوسرے کے خلاف کھیلتے ہوئے بھی کوئی زیادہ عرصہ نہیں بلکہ صرف چار ٹیسٹ میچز ہوئے ہیں جن کی سات اننگز میں چھ مرتبہ بائیں ہاتھ کے سپنر نے پاکستانی کپتان کو پویلین بھیجا ہے۔
پرباتھ جے سوریا کے علاوہ ٹیسٹ کرکٹ میں بابر اعظم آسٹریلوی فاسٹ بولر جوش ہیزل وُڈ سے چھ مرتبہ اور آسٹریلیا ہی کے آف سپنر نیتھن لائن سے پانچ مرتبہ آؤٹ ہو چکے ہیں۔
پاکستانی کپتان کے لگاتار آف سپنر کے ہاتھوں آؤٹ ہونے پر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر صارفین کی جانب سے تبصرے بھی دیکھنے میں آ رہے ہیں۔
اختر جمال نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’بابر، ہمیشہ جے سوریا ہی کیوں؟‘
بابر کے جے سوریا کے ہاتھوں آؤٹ ہونے پر شائقین کرکٹ کو جنوبی افریقہ کے سابق فاسٹ بولر ڈیل سٹین کے ہاتھوں پاکستان کے سابق آل راؤںڈر محمد حفیظ کا آؤٹ ہونا یاد آ گیا۔ ڈیل سٹین نے انٹرنیشنل کرکٹ میں محمد حفیظ کو 15 مرتبہ آؤٹ کیا تھا۔
اس سلسلے میں عبداللہ نے ڈیل سٹین کی محمد حفیظ کو آؤٹ کرنے کی تصویر اپلوڈ کرتے ہوئے کہا کہ ’بابر ایک مرتبہ پھر سے جے سوریا کے ہاتھوں آؤٹ ہوگئے؟‘
علی نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ ’بابر جے سوریا کے خلاف ایسے کھیلنے کی کوشش کر رہے ہیں جیسے میں اپنی زندگی کو بہتر کرنے کی کوشش کر رہا ہوں، نا امید ہو کر کوشش کر رہا ہوں اور ہر مرتبہ ناکام ہو رہا ہوں۔‘
ثمرا نے میم اپلوڈ کرتے ہوئے لکھا کہ ’بابر ایک مرتبہ پھر جے سوریا سے آؤٹ ہوگئے اور وہ بھی اس سیریز میں بغیر کوئی سینچری کیے۔ بیکار ہے بھیا، میں تو ٹوٹ گیا اب۔‘
ٹوئٹر ہینڈل ایکسٹرا کور نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ ’بابر یار جے سوریا کو وکٹ دینا بند کرو۔ اب ہمیں بابر کی ٹیسٹ میچ میں سینچری دیکھنے کے لیے مزید چھ ماہ کا انتظار کرنا پڑے گا۔‘