فلائی ناس کی جدہ اور کاسا بلانکا کے درمیان براہ راست پروازیں
سعودی عرب کا مقصد 2030 تک سالانہ 100 ملین سیاحوں کو راغب کرنا ہے(فوٹو: عرب نیوز)
سعودی عرب کی قومی فضائی کمپنی فلائی ناس نے جدہ اور مراکش کے شہر کاسا بلانکا کے درمیان ہفتہ وار براہ راست پروازیں شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق فلائی ناس تین اگست سے سنیچر، منگل اور جمعرات کو جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور کاسا بلانکا انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے درمیان تین براہ راست پروازیں چلائے گی۔
یہ پروازیں فلائی ناس اور سعودی ایئر کنیکٹیویٹی پروگرام کے درمیان اسٹراٹیجک پارٹنر شپ کا حصہ ہیں، جس کا مقصد سیاحت کو فروغ دینا اور مملکت کی عالمی ایوی ایش کے لیڈر کے طور پر شناخت بنانا ہے۔
سعودی عرب کا مقصد 2030 تک سالانہ 100 ملین سیاحوں کو راغب کرنا ہے۔
یاد رہے کہ فلائی ناس 2007 میں قائم کی گئی تھی۔ اس وقت 70 سے زیادہ ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل ایئرپورٹس کےلیے ہفتہ وار ڈیڑھ ہزار سے زیادہ پروازیں چلا رہی ہے۔
بجٹ ایئر لائن فلائی ناس نے اپنے آغاز سے اب تک 60 ملین مسافروں کو آمد ورفت کی سہولت فراہم کی ہے۔