Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سزا ہو بھی گئی تو 2024 کا صدارتی انتخاب ضرور لڑوں گا: ڈونلڈ ٹرمپ

رواں برس مئی میں ڈونلڈ ٹرمپ کو ایک عدالت نے ایک مصنفہ کے ساتھ زیادتی کا مرتکب قرار دیا تھا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
امریکہ کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر ’انہیں کسی فوجداری تحقیقات کے نتیجے میں سزا ہو بھی گئی تو اس کے باوجود وہ 2024 کے صدارتی انتخابات کے لیے اپنی انتخابی مہم کو ختم نہیں کریں گے۔‘
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ری پبلکن پارٹی سے تعلق رکھنے والے ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعے کو خود پر لگنے والے متعدد الزامات پر بات کی، جبکہ ایک روز قبل استغاثہ نے ان کے خلاف خفیہ سرکاری دستاویزات کو اپنے پاس رکھنے کے مزید الزامات عائد کیے۔
ریڈیو میزبان جان فریڈرکس کے اس سوال پر کہ کیا سزا سنائے جانے سے ان کی مہم رک جائے گی؟ ڈونلڈ ٹرمپ نے فوری طور پر جواب دیا کہ ’بالکل نہیں۔ آئین میں ایسا کچھ نہیں ہے جو یہ کہتا ہو۔‘
77 سالہ سابق امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ’اور بائیں بازو کے بنیاد پرست پاگل بھی کہہ رہے ہیں کہ بالکل نہیں، یہ (مجھے) نہیں روکے گا۔‘
’یہ لوگ بیمار ہیں اور وہ جو کچھ کر رہے ہیں وہ بالکل بھیانک ہے۔‘
دو بار مواخذے کا سامنے کرنے والے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر گذشتہ ماہ خفیہ دستاویزات کے مقدمے میں پہلی بار فرد جرم عائد کی گئی تھی۔ ان پر وائٹ ہاؤس سے نکلنے کے بعد اعلٰی خفیہ جوہری اور دفاعی معلومات اپنے پاس رکھ کر قومی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے کا الزام ہے۔
امریکی محکمہ انصاف نے جمعرات کو ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف اپنے تین درجن سے زائد الزامات میں مزید اضافہ کیا ہے۔

خصوصی وکیل جیک سمتھ نے جمعرات کو ڈونلڈ ٹرمپ پر نئے الزامات عائد کیے (فائل فوٹو: اے ایف پی)

خیال رہے کہ رواں برس مئی میں ڈونلڈ ٹرمپ کو ایک سول مقدمے میں ایک جج نے 1990 کی دہائی میں مین ہٹن میں ایک مصنفہ کے ساتھ زیادتی کا مرتکب قرار دیا تھا۔
ٹرمپ کو نیو یارک میں ایک پورن سٹار کو ان کے ساتھ تعلقات کو چھپانے کے لیے کی جانے والے ادائیگی کے معاملے میں درجنوں سنگین الزامات کا بھی سامنا ہے۔
سنہ 2020 کے انتخابات کے حوالے سے ریاستی اور وفاقی تحقیقات میں بھی ان پر فرد جرم عائد کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
دستاویزات کی تحقیقات میں جمعرات کو اس وقت ایک اہم پیش رفت ہوئی جب خصوصی وکیل جیک سمتھ نے الزام لگایا کہ ٹرمپ نے فلوریڈا میں اپنے بیچ فرنٹ سٹیٹ میں ایک کارکن سے تفتیش کاروں کو روکنے کے لیے نگرانی کی فوٹیج حذف کرنے کو کہا۔
اس مقدمے کی سماعت اگلے برس مارچ سے مئی کے درمیان ہو گی اور اس وقت صدارتی مہم اپنے عروج پر ہو گی۔

شیئر: