سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ’خفیہ دستاویزات‘ رکھنے کے کیس میں گرفتار
سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ’خفیہ دستاویزات‘ رکھنے کے کیس میں گرفتار
منگل 13 جون 2023 21:51
اس کیس میں ٹرمپ پر 9 جون کو فرد جرم عائد کر دی گئی تھی۔ (فوٹو: اے ایف پی)
سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ منگل کو میامی کی وفاقی عدالت سے گرفتار کیا گیا جہاں انہیں خفیہ دستاویزات رکھنے کے مقدمے میں عدالت میں پیش کر دیا گیا۔
سابق صدر پر یہ الزام ان کے لیے سنگین قانونی خطرہ بن گئی ہے کیوں کہ مجرمانہ تحقیقات کے سلسلے نے ان کی دوسری مرتبہ امریکہ کے صدر بننے کے امکانات مخدوش کر دیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق صدر ٹرمپ کی عدالت میں پیشی کے دوران سکیورٹی سخت تھی۔
الزامات کے جواب میں ڈونلڈ ٹرمپ نے صحت جرم سے انکار کیا۔
ٹرمپ کے وکیل ٹوڈ بلانچے نے عدالت کو بتایا کہ ہم بالکل صحت جرم سے انکار کر رہے ہیں۔
یہ وفاقی عدالت میں دائر کسی بھی سابق امریکی صدر کے خلاف پہلا مقدمہ ہے۔
صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا ’ٹروتھ سوشل‘ پر لکھا کہ ’ہمارے ملک کی تاریخ کے افسردہ ترین دنوں میں ایک، ہم بطور قوم تنزلی کا شکار ہے۔‘
صدر ٹرمپ نے اپنے معمول کے الزامات کو دہرایا کہ ان کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔
عدالتی پیشی کے موقع پر ڈونلڈ ٹرمپ کے درجنوں حامی عدالت کے قریب جمع ہوگئے۔ ان میں سے کئی ایک نے ’امریکہ کو ایک بار پھر عظیم بنائیں‘ کے نعروں والے بیس بال کی ٹوپیان پہن رکھی تھی۔
امریکہ میں پہلی بار ایسا ہوا ہے فوج کے موجودہ یا کسی سابق کمانڈر انچیف نے وفاقی الزامات کا سامنا کیا ہو۔
خیال رہے اس کیس میں ٹرمپ پر 9 جون کو فرد جرم عائد کر دی گئی تھی۔
فرد جرم عائد ہونے کے بعد ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر لکھا تھا ’بدعنوان بائیڈن انتظامیہ نے میرے وکلا کو مطلع کیا ہے کہ مجھ پر فرد جرم عائد کی گئی ہے بظاہر دستاویزت کے ڈبوں کی افواہوں کے حوالے سے۔‘
ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’میں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ امریکہ کے سابق صدر کے ساتھ ایسا کچھ ہو سکتا ہے۔‘
ٹرمپ وہ پہلے سابق یا موجودہ صدر ہیں جن پر کسی جرم میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ مارچ میں مین ہیٹن کے ڈسٹرکٹ اٹارنی نے ان پر فرد جرم عائد کی تھی۔ ان پر الزام تھا کہ انہوں نے الیکشن سے پہلی فحش فلموں کی اداکارہ کو خاموش رہنے کے لیے رقم دی۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ ان کا ٹرمپ کے ساتھ معاشقہ رہ چکا ہے۔