سعودی حکام کا منشیات کے سمگلروں کے خلاف کریک ڈاون، متعدد گرفتار
ہفتہ 29 جولائی 2023 19:47
تمام مشتبہ افراد کو پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کر دیا گیا (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی حکام نے مملکت بھر میں کی جانے والی کارروائیوں میں متعدد مشتبہ افراد کی گرفتاری اور بڑی مقدار میں منشیات ضبط کرنے کا اعلان کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ناکوٹکس کنٹرول نے سنیچر کو ایک سعودی شہری کو 15.8 کلو گرام حشیش کی سمگلنگ کے الزام میں حراست میں لیا ہے۔
جدہ پولیس نے دو یمنی شہریوں کو نشہ آور گولیاں سمگل کرنے کی کوشش پر گرفتار کیا۔
جازان کے الحارث سیکٹر میں سرحدی محافظوں نے دو یمنی شہریوں کو 97 کلو گرام قات (نشہ آور پتے) سمگل کرنے کی کوشش کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔
جنرل ڈائریکٹوریٹ آف نارکوٹکس کنٹرول نے مشرقی ریجن میں ایک شہری کو دس کلو گرام نشہ آور پاوڈر اور ریاض میں شامی شہری کو ایک لاکھ نشہ آور گولیاں سمگل کرنے کی کوشش پر پکڑا ہے۔
ریاض میں کریمنل انویسٹی گیشن ڈیپارٹمنٹ نے پانچ سعودی شہریوں کو منشیات کی سمگلنگ کے الزام میں گرفتار کیا۔ ان کے قبضے سے اسلحہ اور بھاری رقم بھی برآمد ہوئی ہے۔
تمام مشتبہ افراد کو ابتدائی قانونی کارروائی کے بعد پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کر دیا گیا۔