Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ورلڈ ایکسپو 2030 کی میزبانی: ایل سلوا ڈور نے سعودی عرب کی باضابطہ حمایت کردی

میزبان ملک کے انتخاب کےلیے ووٹنگ اس سال نومبر میں ہوگی (فوٹو: عرب نیوز)
ایل سلواڈور نے سنیچر کو ورلڈ ایکسپو 2030 کی میزبانی کےلیے سعودی عرب کی حمایت کا باضابطہ اعلان کیا ہے جبکہ مختلف شعبوں میں سعودی عرب کے ساتھ دوطرفہ تعلقات اور مشترکہ اسٹرا یٹجک مفادات کی تعریف کی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق اس فیصلے کا اعلان ایل سلواڈور کی وزارت خارجہ کی جانب سے کیا گیا جس میں یہ بھی کہا گیا کہ’ ایل سلواڈور کے صدر نایب بوکیل اور ان کی حکومت سعودی عرب کی جانب سے ورلڈ ایکسپو 2030 کی میزبانی کی حمایت کرتی ہے‘۔
وزارت نے کہا کہ’ یہ دونوں ممالک کے درمیان بہترین دوستانہ تعلقات اور جدت، سائنس اور ٹیکنالوجی کے ذریعے دونوں قوموں کی ترقی کو فروغ دینے میں باہمی دلچسپی کی ایک مثال ہے‘۔
یاد رہے کہ ورلڈ ایکسپو 2030 کے میزبان ملک کے انتخاب کےلیے ووٹنگ اس سال نومبر میں ہوگی۔
ایکسپو 2030 کی میزبانی کی دوڑ میں ریاض کے ساتھ کورین سٹی بوسان، یوکرینی شہر اوڈیسا اور اٹلی کا روم شامل ہیں۔
ریاض ایکسپو 2030 کے لیے یکم اکتوبر 2030 کی تاریخ تجویز کی گئی ہے جو مارچ 2031 تک جاری رہے گا۔
یہ چینی کیلنڈر کے نئے سال، کرسمس اور رمضان کے ساتھ آرہا ہے۔ علاوہ ازیں یہی ایکسپو نمائشوں کی نگراں بین الاقوامی ایجنسی کی سو ویں سالگرہ کا بھی وقت ہے۔ 
سعودی عرب نے گزشتہ سال اکتوبر میں باضابطہ طور پر ولی عہد کی جانب سے بھیجے گئے خط کے ذریعے ریاض میں 2030 ورلڈ ایکسپو کی میزبانی کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔
 سعودی عرب ایکسپو کی تاریخ کا بہترین ایڈیشن پیش کرنے کا عزم رکھتا ہے۔ ریاض غیرمعمولی  بین الاقوامی سیاحتی فرنٹ ہے اور ایکسپو 2030 کی میزبانی کے لیے تیارہے۔ 
توقع ہے ایکسپو دنیا بھر کی قوموں کو اپنی اختراعات، ثقافتوں اور خیالات کا اشتراک کرنے کا ایک منفرد موقع فراہم کرے گی۔

شیئر: