اسکردو... ایئر چیف مارشل سہیل امان نے کہا ہے کہ پاکستان دشمن کی کسی بھی مہم جوئی کا بھرپور جواب دینے کیلئے تیار ہے۔اسکردو میں قادری ایئر بیس پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ دشمن کے بیان پر قوم کو ایک فیصد بھی خدشات نہیں ہونے چا ہئیں۔پاک فضائیہ ملکی سرحدوں کی حفاظت کے قابل اور دفاع کیلئے مکمل طور پر لیس ہیں۔انہوںنے خبردار کیا کہ دشمن کی جانب سے کسی بھی جارحیت کا ایسا جواب دیا جائے گا جو اس کی آنے والی نسلیں یاد رکھیں گی۔اسکردو میں جنگی طیاروں کی مشقوں کے حوالے سے ایئر چیف نے کہا کہ یہ معمول کی مشقیں ہیں۔ ہماری فورسز پروفیشنل، مکمل آپریشنل اور مکمل طور پر تیار ہیں۔ ایئر فورس نے ملک میں انسداد دہشت گردی کے حوالے سے بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جے ایف تھنڈر طیاروں کی پیداوار 3 گنا تک بڑھا دی گئی ۔ انہیں جدید دور کی ضروریات کے مطابق مزید بہتر بنایا گیا ہے۔ جے ایف تھنڈر طیارے پاکستان کا فخر ہیں جس کا مقصد خود انحصاری کا حصول ہے۔