Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فائنل ایگزٹ پر اپنے ملک کے بجائے کسی دوسرے ملک جا سکتے ہیں؟

خروج نہائی پر جانے والوں کےلیے اس قسم کی کوئی پابندی نہیں ہے( فوٹو: عرب نیوز)
سعودی محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن جو وزارت داخلہ کا ذیلی ادارہ ہے قوانین کے مطابق  مملکت میں مقیم غیر ملکیوں کے اقامے، خروج وعودہ اور خروج نہائی کے اجرا کا ذمہ دار ہے۔
مملکت میں رہائش پذیرغیرملکی افراد جب مستقل بنیاد پر اپنے ملک جاتے ہیں تو انہیں فائنل ایگزٹ جسے عربی میں خروج نہائی کہا جاتا ہے حاصل کرنا ضروری ہوتا ہے جبکہ چھٹی پر جانے کے لیے خروج و عودہ لینا ہوتا ہے۔
 جوازات کے ٹوئٹرپرایک خاتون نے دریافت کیا ’ اسٹوڈنٹ ویزے پرمملکت میں مقیم ہوں۔ خروج نہائی پرجارہی ہوں، معلوم یہ کرنا ہے کہ کیا مجھے یہاں سے اپنے ملک ہی جانا ہوگا یا کسی دوسرے ملک بھی جاسکتی ہوں؟‘۔ 
سوال کے جواب میں جوازات کا کہنا تھا کہ ’خروج نہائی پرجانے والوں کےلیے اس قسم کی کوئی پابندی نہیں کہ وہ صرف اپنے ہی ملک جائیں۔ مملکت سے فائنل ایگزٹ پرجاتے وقت جس ملک میں جانا ہو وہاں کا ویزا ہونا ضروری ہے باقی کسی قسم کی پابندی عائد نہیں کی جاتی‘۔ 
واضح رہے عام طور پرمملکت سے فائنل ایگزٹ پرجانے والے افراد اپنے ملک ہی جاتے ہیں تاہم قانون کے مطابق اس حوالے سے کوئی پابندی نہیں ہوتی کہ انہیں صرف اپنے ملک ہی جانا ہے۔
تاہم اس صورت میں جب غیرملکی اقامہ ہولڈرآوٹ پاس پرسفرکر رہا ہویا اسے ڈی پورٹ کیا گیا ہو اس صورت میں وہ کسی دوسرے ملک نہیں جاسکتا۔ 
 ورک ویزٹ ویزے کے حوالے سے ایک شخص نے دریافت کیا ’ورک وزٹ ویزے کی مدت 90 دن ہے۔ معلوم یہ کرنا ہے کہ ویزے کی مدت کا حساب یعنی 90 دن کی گنتی کب سے شروع ہوگی؟‘۔ 
اس حوالے سے جوازات کا کہنا تھا کہ’ امیگریشن قوانین کے مطابق ورک وزٹ ویزے کی مدت جو کہ 90 روزہ ہوتی ہے کا حساب جس دن سے مملکت میں داخل ہوتے ہیں اس روز سے کیاجاتا ہے‘۔ 

امیگریشن قوانین کے مطابق ورک وزٹ ویزے کی مدت 90 روزہ ہوتی ہے(فوٹو:عرب نیوز)

واضح رہے ورک وزٹ ویزے دوطرح کے ہوتے ہیں جن میں عام ورک ویزٹ ویزے وہ ایسے ہنرمند افراد کے لیے جاری کیے جاتے ہیں جن کی ضرورت کسی تجارتی یا صنعتی ادارے کوہوتی ہے۔ یہ ویزے کبھی بھی جاری کرائے جاسکتے ہیں۔ 
اس قسم کے ویزے کی مدت میں توسیع کرائی جاسکتی ہے تاہم یہ توسیع کام کی نوعیت اورمملکت میں موجود آجر کی ضرورت کومدنظررکھتے ہوئے کی جاتی ہے۔  
ورک وزٹ ویزے کی دوسری قسم سیزن ویزے کی ہوتی ہے۔ یہ ویزے حج سیزن میں عارضی بنیادوں پرجاری کیے جاتے ہیں جوماہ رمضان کے بعد جاری ہوتے ہیں,
ان ویزوں پر بلائے جانے والے افراد حج سیزن کے دوران عازمین حج کےلیے مختلف خدمات فراہم کرنے والے اداروں کو جاری کیے جاتے ہیں۔
 حج سیزن کے لیے جاری ہونے والے ویزوں پرآنے والے افراد میں زیادہ ترڈرائیور، عام کارکن، باورچی ، الیکٹریشن اوردیگرفنی ماہرین شامل ہیں۔ان ویزے پرآنے والوں کو حج سیزن کے اختتام کے ساتھ ہی واپس جانا ہوتا ہے۔ 

شیئر: