Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سرائیوو یونیورسٹی لائبریری کے لیے 22 ملین ڈالر کی سعودی گرانٹ

فنڈ کے چیئرمین احمد الخطیب نے سرائیو و میں لائبریری کا سنگ بنیاد رکھا( فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی ترقیاتی فنڈ نے بوسنیا ہرزیگوینیا کی سرائیوو یونیورسٹی کی لائبریری اور فرنیچر کے لیے 22 ملین ڈالر کی گرانٹ دی ہے۔
اخبار 24 کے مطابق سعودی ترقیاتی فنڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین احمد الخطیب نے سرائیو و میں لائبریری کا سنگ بنیاد رکھا ہے۔
اس موقع پر منعقدہ تقریب میں بوسنیا کے وزیر خارجہ اور بوسنیا میں متعین سعودی سفیر اسامہ الاحمدی موجود تھے۔ 
عرب نیوز کے مطابق پبلک لائیبریری 13 ہزار 590 مربع میٹر پر محیط ہوگی۔ اس سے 22 ہزار سے زیادہ طلبہ، ایک ہزار 600 عملے کے ارکان، فیکلٹی ممبران اور 10 ہزار دیگر افراد فائدہ اٹھا سکیں گے۔
اس منصوبے کا مقصد یونیورسٹی کے معیار، اس کی سائنسی تحقیقی صلاحیتوں کو بڑھانا اور طلبہ کی ضروریات کو پورا کرنا ہے۔
فنڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین احمد الخطیب کا کہنا ہے کہ’ یہ منصوبہ سعودی عرب اور بوسنیا ہر زیگووینا کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے‘۔
بوسنیا اور ہرزیگوینا کے وزیر خارجہ نے کہا کہ ’جہاں یہ منصوبہ تعلیمی کام کو تقویت بخشے گا، وہیں امید ہے کہ لائبریری دونوں ممالک کے درمیان آنے والی نسلوں کے لیے تعلیم اور علم کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششوں کی علامت بن جائے گی‘۔
1975 میں سعودی ترقیاتی فنڈ کے قیام کے بعد اب تک بوسنیا اور ہرزیگونیا کے مختلف علاقوں میں گیارہ منصوبوں اور ترقیاتی پروگراموں کی فنڈنگ کی گئی ہے جس کی کل مالیت 185 ملین ڈالر ہے۔

شیئر: