مارک زکربرگ کو ایک دن میں کام کرنے کے لیے کتنی کیلوریز درکار ہوتی ہیں؟
مارک زکربرگ برازلین جِیو جِٹسُو کی باقاعدگی تربیت حاصل کر رہے ہیں (فائل فوٹو: دی بوزو)
امریکہ کی معروف ٹیکنالوجی کمپنی میٹا کے سربراہ مارک زکربرگ نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں ایک دن میں کام کرنے کے لیے چار ہزار کیلوریز درکار ہوتی ہیں۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق میٹا کے سماجی رابطوں کے پلیٹ فارم تھریڈز پر فاسٹ فوڈ چین میکڈونلڈز کی جانب سے سوال کیا گیا کہ ’آپ سب لوگ میکڈونلڈز سے کچھ لینا چاہیں گے؟‘
اس کے جواب میں مارک زکربرگ کہتے ہیں کہ ’مجھے 20 نَگِٹس، ایک کوارٹر پاؤنڈر، لارج فرائز، اورِیو میک فلری، ایپل پائے اور سائیڈ چیز برگر چاہیے۔‘
مارک زکربرگ کے تھریڈ کے جواب میں یو ایف سی کے فائٹر مائیک ڈیوس نے لکھا کہ ’آپ کیمپ میں ہو (یعنی آپ مکسڈ مارشل آرٹس کے ٹریننگ کیمپ میں ہو)، میکڈونلڈز اِنہیں یہ سب کچھ نہیں دینا۔‘
اس کے جواب میں فیس بک کے بانی نے لکھا کہ ’میں اپنا وزن نہیں کم کر رہا، لہٰذا مجھے دن بھر کے کام کرنے کے لیے چار ہزار کیلوریز درکار ہوتی ہیں اور میکڈونلڈز بہت مزیدار ہوتا ہے۔‘
خیال رہے کہ مارک زکربرگ برازلین جِیو جِٹسُو کی باقاعدگی تربیت حاصل کر رہے ہیں۔ برازیلین جِیو جِٹسُو مکسڈ مارشل آرٹس کی ایک قسم ہے۔
اس سلسلے میں مارک زکربرگ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اپنی ٹریننگ کی ویڈیوز شیئر کرتے رہتے ہیں۔ گذشتہ ماہ انہوں نے خبر دی تھی کہ انہیں اُن کے کوچ کی جانب سے برازیلین جِیو جِٹسُو میں بلیو بیلٹ دیا گیا ہے۔