Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایودھیا میں ’متنازع‘ رام مندر کی افتتاحی تقریبات آئندہ سال جنوری میں ہوں گی

مندر کا بھومی پوجن پروگرام کورونا وائرس کی وبا کے باعث بہت محدود پیمانے پر 5 اگست 2020 کو منعقد ہوا تھا (فوٹو: اے ایف پی)
رام مندر ٹرسٹ نے کہا ہے کہ ایودھیا میں مندر کی افتتاحی تقریبات اگلے سال جنوری میں ہوں گی اور تین روز تک جاری رہیں گی۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق اس سے قبل ٹرسٹ ممبرز نے کہا تھا کہ اس ایونٹ کے لیے وزیراعظم نریندر مودی کو خصوصی دعوت نامہ بھیجا جائے گا۔
رام مندر ٹرسٹ کے جنرل سیکریٹری چمپت رائے نے کہا کہ ’رام مندر کی افتتاحی تقریبات اگلے سال جنوری کے تیسرے ہفتے 21، 22 اور 23 جنوری کو ہوں گی۔ ہم اس تقریب میں وزیراعظم نریندر مودی کو دعوت دیں گے۔ اس کے علاوہ معروف سادھو اور دیگر شخصیات بھی شامل ہوں گی۔‘
انہوں نے کہا کہ ’مرکزی تقریب غیرسیاسی رکھی جائے گی اور مختلف سیاسی جماعتوں سے مہمانوں کو مدعو کیا جائے گا، بشرطیکہ ان کا آنے کا ارادہ ہو۔ اس پروگرام میں کوئی سٹیج نہیں ہوگا اور نہ ہی کوئی جلسہ ہوگا۔‘
جنرل سیکریٹری کا کہنا تھا کہ ٹرسٹ کا تقریب میں 25 ہزار ہندو مذہبی سنتوں کو مدعو کرنے کا منصوبہ ہے اور ان کی فہرست تیار کی جا رہی ہے۔
’ٹرسٹ ان تمام معروف سنتوں کو ایودھیا کی بڑی خانقاہوں میں قیام کروائے گا۔ یہ 25 ہزار سنت دیگر 10 ہزار خصوصی مہمانوں سے الگ ہوں گے جو رام جنم بھومی کے اندر افتتاحی تقریب میں شریک ہوں گے۔‘
مندر کا بھومی پوجن پروگرام کورونا وائرس کی وبا کے باعث بہت محدود پیمانے پر 5 اگست 2020 کو منعقد ہوا تھا۔
رام مندر ٹرسٹ ایودھیا میں تقریب کے لیے آنے والوں کو ایک مہینے تک مفت کھانا مہیا کرے گا۔ چمپت رائے کے مطابق 75 ہزار سے ایک لاکھ افراد کو جنوری کے پورے مہینے میں روزانہ کھانا دیا جائے گا۔

شیئر: