شہباز شریف سے سعودی نائب وزیر خارجہ کی ملاقات، تعلقات مضبوط بنانے کا جائزہ
شہباز شریف سے سعودی نائب وزیر خارجہ کی ملاقات، تعلقات مضبوط بنانے کا جائزہ
منگل 8 اگست 2023 20:07
وزیراعظم پاکستان کو سعودی قیادت کی طرف سے خیر سگالی کا پیغام پہنچایا (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے نائب وزیر خارجہ انجینیئر ولید الخریجی نے منگل کو اسلام آباد میں وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف سے ملاقات کی ہے۔
انجینیئر ولید الخریجی پاکستان کے دورے پر اسلام آباد میں ہیں۔
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق سعودی نائب وزیر خارجہ نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد کی طرف سے وزیراعظم پاکستان کو خیر سگالی کا پیغام پہنچایا۔
انہوں نے پاکستان کے برادر عوام اور پاکستان کے لیے سعودی قیادت کی طرف سے مزید ترقی و خوشحالی کی نیک خواہشات کا پیغام بھی دیا۔
ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں انہیں جدید خطوط پر استوار کرکے مزید مضبوط بنانے کے طریقوں کا جائزہ لیا گیا۔
دونوں ملکوں اور برادر عوام کی امنگوں کی تکمیل میں معاون حکمت عملی پر بات چیت کی گئی۔
علاوہ ازیں علاقائی و بین الاقوامی حالات اور ان سے متعلق کی جانے والی کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر پاکستان میں متعین سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی اور دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔
قبل ازیں سعودی نائب وزیر خارجہ وليد عبدالكريم الخريجي نے پاکستان کی وزیر مملکت برائے امور خارجہ حنا ربانی کھر سے ملاقات کی۔
منگل کو پاکستان کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والی پریس ریلیز کے مطابق ملاقات میں توانائی، زراعت، آئی ٹی اور کان کنی کے شعبوں میں سعودی سرمایہ کاری کے لیے باہمی تعلقات کو مضبوط بنانے پر گفتگو ہوئی۔
بیان میں کہا گیا کہ’ سعودی نائب وزیر خارجہ کے وفد میں سعودی وزارت خارجہ، توانائی، صحت، ماحولیات، زراعت اور سرمایہ کاری سمیت مختلف وزارتوں کے ممبران شامل تھے۔
وزیر مملکت برائے امور خارجہ حنا ربانی کھر نے سعودی عرب کی طرف سے پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کرنے کا خیرمقدم کیا۔
پریس ریلیز میں مزید کہا گیا کہ ’انہوں نے سعودی وفد کو سپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کی تشکیل کے بارے میں بریفنگ دی جس کا مقصد جی سی سی ممالک اور خصوصاً سعودی عرب کی ممکنہ سرمایہ کاری کے عمل کو تیز بنانا ہے‘۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے عالمی اور علاقائی معاملات پر بھی گفتگو کی گئی۔