سعودی شہری جو تعلیم بالغان میں اپنے والد کے ٹیچر بن گئے
سعودی وزارت تعلیم نے موسم گرما میں تعلیم بالغاں کی مہم شروع کی ہے۔ (فوٹو: سبق)
سعودی عرب کی القنفذہ کمشنری میں ادارہ تعلیم بالغاں میں سعودی شہری حسن بن احمد جابر العیسی اپنے والد کے ٹیچر بن گئے۔
حسن بن احمد جابر العیسی کا کہنا ہے کہ ’والد کا ٹیچر بن کر جو خوشی ملی ہے وہ ناقابل بیان ہے۔ پہلے انہیں اپنے طور پر تعلیم دینے کی کوشش کرتا رہا ہوں۔‘
سبق ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزارت تعلیم نے موسم گرما کے دوران مملکت کی متعدد کمشنریوں میں تعلیم بالغاں کی مہم شروع کی ہے۔
القنفذہ کمشنری حرب اور بنی عیسی تحصیلوں میں تعلیم بالغاں کی کلاسیں چل رہی ہیں۔
حسن بن احمد جابر العیسی نے جو اسبطا تحصیل میں تعلیم بالغاں کے اساتذہ میں سے ایک ہیں نے بتایا کہ’ ان کی کلاس میں یوں تو معمر شہری تعلیم کے لیے آرہے ہیں ان میں سب سے اہم میرے والد احمد بن حسن العیسی ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’اپنے والد کو تعلیم کی طرف لانے کی کوشش کرتے کرتے تھک گیا تھا۔ اس سال وہ خود تعلیم بالغاں کی کلاسوں میں آئے ہیں اور میں خوش قسمتی سے ان کے اساتذہ میں سے ہوں۔ خوشی کی بات یہ ہے کہ وہ تیزی سے لکھنا پڑھنا سیکھ رہے ہیں۔‘
سعودی ٹیچر کے والد احمد العیسی نے بتایا کہ ’تعلیم بالغاں کی کلاسوں میں شرکت سے مجھے دو بڑی خوشیاں مل رہی ہیں۔ پہلی خوشی تو یہ ہے کہ لکھنا پڑھنا سیکھ رہا ہوں۔ دوسری خوشی یہ ہے کہ میرا بیٹا میرا ٹیچر بنا ہے۔ یہ میرے لیے فخر کی بات ہے۔‘