متحدہ عرب امارات کے سفیر کی نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے ملاقات
وزیراعظم نے امارات کی جانب سے پاکستان کی معاشی ترقی اور استحکام کے لیے مدد پر شکریہ ادا کیا (فوٹو: اے پی پی)
پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر حمد عبید الزعابی نے بدھ کو نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ سے ملاقات کی۔
وزیراعظم ہاؤس سے جاری اعلامیے کے مطابق سفیر حمد عبید الزعابی نے اماراتی قیادت اور عوام کی طرف سے انوارالحق کاکڑ کو وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارک باد دی۔
وزیراعظم نے متحدہ عرب امارات کی حکومت کا تہنیتی پیغام کے لیے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان اور امارات کے درمیان تاریخی اور گہرے تعلقات ہیں۔
انہوں نے امارات کی جانب سے پاکستان کی معاشی ترقی اور استحکام کے لیے مدد پر بھی شکریہ ادا کیا۔
انوارالحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان اور امارات کے درمیان مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو آگے لے جانے کے لیے مل کر کام کرنے کے خواہش مند ہے۔
انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ رواں سال کے آخر میں امارات میں کوپ 28 کا کامیاب انعقاد ہوگا۔
وزیراعظم نے اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے امارات کی ترقی میں اہم کردار کی طرف توجہ دلائی اور زور دیا کہ اماراتی حکومت ان پاکستانیوں کی مدد کرے۔