سعودی سفیر کی نگراں وزیراعظم سے ملاقات، کاکڑ کا معاشی تعاون پر سعودی عرب کا شکریہ
پاکستان کے نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے ملک کے معاشی استحکام اور ترقی کے لیے سعودی حکومت کی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل بالخصوص سعودی عرب سے غیر ملکی سرمایہ کاری کو تیز تر کرنے کی بنیاد رکھے گی۔
بدھ کو وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے ملاقات کی۔ سعودی سفیر نے وزیراعظم کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور خادم حرمین شریفین، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور سعودی عرب کے عوام کی جانب سے نیک خواہشات اور مبارکباد پیش کی۔
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی اور گہرے تعلقات ہیں۔ انہوں نے پاکستان کے معاشی استحکام اور ترقی کے لئے سعودی حکومت کی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے خاص طور پر سعودی عرب میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی بڑی تعداد کا ذکر کیا اور سعودی حکومت سے درخواست کی کہ انہیں ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں۔ وزیراعظم نے سعودی قیادت کے وژن کو سراہتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب ہمیشہ پاکستان کو اپنے قابل اعتماد شراکت دار کے طور پر شمار کر سکتا ہے۔
وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ حال ہی میں قائم کی گئی خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی ) پہلے کی طرح کام کرتی رہے گی اور بالخصوص سعودی عرب سے غیر ملکی سرمایہ کاری کو تیز تر کرنے کی بنیاد رکھے گی۔ اس سلسلے میں انہوں نے توانائی، انفراسٹرکچر، زراعت، آئی ٹی اور افرادی قوت کو تعاون کے ممکنہ شعبوں کے طور پر اجاگر کیا۔
سعودی سفیر نے اس بات کا اعادہ کیا کہ سعودی عرب اور پاکستان ایک برادرانہ رشتے میں بندھے ہوئے ہیں جس کی خصوصیت باہمی اعتماد اور افہام و تفہیم اور مشترکہ مفاد کے تمام دوطرفہ اور علاقائی امور پر قریبی تعاون ہے۔
متحدہ عرب امارات کے سفیر کی نگراں وزیراعظم سے ملاقات
دریں اثنا پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر حمد عبید الزابی نے بھی نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے ملاقات کی ہے۔
سفیر نے اماراتی قیادت اور عوام کی جانب سے انوار کاکڑ کو وزیراعظم کا عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد دے دی۔