رضوانہ تشدد کیس: ملزمہ کے شوہر سول جج کو او ایس ڈی بنا دیا گیا
تشدد کی ملزمہ سومیہ عاصم کو 23 جولائی کو گرفتار کیا گیا تھا (فوٹو: سکرین شاٹ)
کم سن ملازمہ رضوانہ پر تشدد میں نامزد ملزمہ سومیہ عاصم کے شوہر سول جج عاصم حفیظ کو او ایس ڈی (آفیسر آن سپیشل ڈیوٹی) بنا دیا گیا ہے۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی ہدایت پر بدھ کو جاری ہونے والے نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ سول جج کو راولپنڈی میں بطور او ایس ڈی تعینات کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن میں عاصم حفیظ کو 19 اگست سے قبل چارج سنبھالنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
خیال رہے 24 جولائی کو خبر سامنے آئی تھی کہ اسلام آباد کی جوڈیشل اکیڈمی میں تعینات سول جج چودھری عاصم حفیظ کی اہلیہ نے گھریلو ملازمہ کو تشدد کا نشانہ بنایا ہے۔
واقعے کے بعد سرگودھا پولیس کے ترجمان نے اردو نیوز کو بتایا تھا کہ بچی کے سر پر متعدد جگہ گہرے زخم ہیں اور ان کو علاج کے لیے لاہور بھجوایا گیا ہے۔
پولیس رپورٹ کے مطابق بچی کے سر سمیت جسم پر15 جگہ چوٹوں کے نشانات تھے۔ 15 چوٹوں کے علاوہ بچی کے اندرونی اعضا بھی متاثر ہو چکے تھے۔
بچی کے والدین کی جانب سے پولیس رپورٹ کے بعد ملزمہ سومیہ عاصم کو ضمانت خارج ہونے پر عدالت سے گرفتار کیا گیا تھا اور اس وقت وہ جیل میں ہیں۔
گزشتہ ہفتے اسلام آباد کی مقامی عدالت نے ملزمہ سومیہ عاصم کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست خارج کر دی تھی۔