مراکش کے سٹار گول کیپر یاسین بونو کا سعودی کلب الہلال سے معاہدہ
جمعہ 18 اگست 2023 20:33
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
مراکش کے 32 سالہ فُٹ بالر 2026 تک الہلال کا حصہ رہیں گے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
فُٹ بال کی تاریخ میں ورلڈکپ کے سیمی فائنلز میں پہنچنے والی پہلی افریقی ٹیم مراکش کے گول کیپر یاسین بونو نے سعودی عرب کے فُٹ بال کلب الہلال میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق الہلال کی جانب سے جمعے کو اعلان کیا گیا کہ کلب کا یاسین بونو سے معاہدہ ہوگیا ہے۔
مراکش کے 32 سالہ فُٹ بالر 2026 تک الہلال کا حصہ رہیں گے۔ یاسین بونو اس سسے قبل ہسپانوی کلب سیویلا کے لیے کھیل رہے تھے۔
واضح رہے کچھ دن پہلے الہلال نے برازیل کے مشہور فُٹ بالر نیمار جونیئر سے بھی معاہدہ کیا ہے۔
الہلال نے کہا ہے کہ ’پیرس سینٹ جرمین کے ساتھ کامیاب مذاکرات ہوئے ہیں جس کے تحت ہم نے 90 ملین یورو کے عوض نیمار کی خدمات حاصل کر لی ہیں۔‘
الہلال نے مزید کہا کہ ’نیمار کے ساتھ ایک سو ملین یورو سالانہ تنخواہ پر معاہدہ کر لیا ہے۔‘
سعودی پرو لیگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نیمار نے کہا ہے کہ وہ ’کھیلوں کی نئی تاریخ‘ لکھنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’الہلال بہت بڑا کلب ہے جس کے شاندار مداح ہیں اوریہ ایشیا کا بہترین فٹبال کلب ہے جس کے بعد مجھے یہ محسوس ہوتا ہے کہ میرا یہ فیصلہ صحیح ہے، صحیح وقت پر ہے اور صحیح کلب کے ساتھ ہے۔ مجھے جیتنا اور گول سکور کرنا پسند ہے اور میرا سعودی عرب میں الہلال کے ساتھ یہی کرنے کا ارادہ ہے۔‘