ایشیا کپ: انڈین سکواڈ کا اعلان، جسپریت بمراہ کی واپسی
انڈین کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے ایشیا کپ کے لیے 17 رُکنی سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔
رواں ماہ سے پاکستان اور سری لنکا میں شروع ہونے والے ایشیا کپ کے سکواڈ کے ذریعے فاسٹ بولر جسپریت بمراہ سمیت دائیں ہاتھ کے بیٹر کے ایل راہُل اور شریاس ایئر کی انجری بریک کے بعد ون ڈے ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔
ایشیا کپ کے سکواڈ میں بائیں ہاتھ کے نوجوان بیٹر تِلک وَرما کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ اسی طرح ٹیم سے لیگ سپنر یُزویندرا چہل کو ڈراپ کر دیا گیا ہے جبکہ اُن کی جگہ کلدیپ یادو کو سکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔
سکواڈ کا اعلان ہونے سے قبل انڈین میڈیا پر یہ خبریں گردش کر رہی تھیں کہ ایشیا کپ کے لیے ہاردک پانڈیا کی جگہ جسپریت بمراہ کو ٹیم کا نائب کپتان بنایا جائے گا تاہم ایشیا کپ کے لیے ہاردک پانڈیا کو ہی نائب کپتان برقرار رکھا گیا ہے۔
انڈین ٹیم کا سکواڈ
روہت شرما (کپتان)، ہاردک پانڈیا (نائب کپتان)، وراٹ کوہلی، شبھمن گِل، اشان کشن، شریاس ایئر، کے ایل راہُل، تِلک وَرما، سوریا کمار یادو، رویندرا جڈیجہ، اکشر پٹیل، کلدیپ یادو، شاردُل ٹھاکر، جسپریت بمراہ، محمد شامی، محمد سراج، پراسدھ کرشنا۔
سکواڈ میں سنجو سیمسن واحد ریزرو کھلاڑی کے طور پر شامل ہیں۔
اگر فاسٹ بولر جسپریت بمراہ کی بات کی جائے تو انہوں نے انجری کے طویل وقفے کے بعد آئرلینڈ کے خلاف جاری ٹی 20 سیریز میں بطور کپتان انٹرنیشل کرکٹ میں واپسی کی ہے جبکہ کے ایل راہُل اور شریاس ایئر بھی انجری بریک کے بعد ٹیم میں واپس آگئے ہیں۔
خیال رہے ایشیا کپ میں انڈیا اپنا پہلا میچ پاکستان کے خلاف دو ستمبر کو سری لنکا کے شہر پالی کلے میں کھیلے گا جبکہ پہلے راؤںڈ میں اِس کا دوسرا میچ نیپال کے خلاف چار ستمبر کو ہو گا۔