حائل ریجن میں ماں کے قتل میں ملوث سعودی شہری کو سزائے موت
ایوان شاہی نے عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کا حکم نامہ جاری کیا گیا تھا (فوٹو: اخبار 24)
سعودی عرب میں حائل ریجن کے حکام نے پیر کو عدالتی فیصلے کے مطابق ماں کے قتل میں ملوث سعودی شہری کو موت کی سزا دی ہے۔
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق وزارت داخلہ نے بیان میں کہا کہ ’سعودی شہری عید بن محمد بن عید الشمری نے اپنی ماں نجلا بن حمود الشمری کو وحشیانہ طریقے سے ہلاک کیا‘۔
’ملزم نے اپنی ماں کے دونوں ہاتھ باندھ کر اس کا گلا گھونٹا اور پھر سر کئی بار دیوار سے ٹکرایا جس سے موت واقع ہوگئی‘۔
وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ ’پولیس نے مفرور قاتل کو تلاش کرکے عدالت میں پیش کیا۔ قتل کا الزام ثابت ہوجانے پر سزا سنائی گئی‘۔
عدالت نے جرم کی سنگینی اور ماں جیسی محترم اور شفیق ہستی کے قتل پر اس کے بیٹے کو سزائے موت کا حکم صادر کیا ۔
سزا کی توثیق اپیل کورٹ اور پھر سپریم کورٹ نے کی جبکہ ایوان شاہی نے عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کا حکم نامہ جاری کیا گیا تھا۔