Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹک ٹاک سٹار بننے کی خواہش مند دو بہنوں کا اغوا، گینگ کے چھ ملزمان گرفتار

پولیس نے زیادتی کرنے والے ایک اور ملزم عمر یعقوب کو بھی گرفتار کیا ہے۔ (فوٹو: راولپنڈی پولیس)
راولپنڈی پولیس نے ٹک ٹاک سٹار بننے کی خواہش مند دو بہنوں کے اغوا اور انہیں جسم فروشی پر مجبور کرنے میں ملوث گینگ کے چھ ملزمان گرفتار کر لیے ہیں۔
سنیچر کو راولپنڈی کے علاقے دھمیال کے پولیس سٹیشن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ’دونوں مغوی بہنوں کو بازیاب کروا لیا گیا، جن کی عمریں بالترتیب 14 اور 13 سال ہیں۔‘
پولیس نے ایک لڑکی سے زیادتی کرنے والے دو ملزمان کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔
بیان کے مطابق گینگ کے گرفتار ملزمان میں دو خواتین اور چار مرد شامل ہیں جن کی شناخت رمشا ثنا، کلثوم اشرف، محمد آصف، ریاست علی، اکمل شہزاد اور وقار خان کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس نے کہا ہے کہ 14 سالہ لڑکی سے زیادتی کرنے والے ملزمان میں گینگ کا رکن محمد آصف اور ایک اور ملزم عمر یعقوب شامل ہیں۔
لڑکیوں کے بیان کے مطابق وہ گھر سے ناراض ہو کر نکلی تھیں کہ گینگ کے ہتھے چڑھ گئیں۔ گینگ نے ٹک ٹاک سٹار بنانے کا جھانسہ دے کر دونوں بہنوں کو اغوا کیا۔
’اغوا کے بعد لڑکیوں کو جسم فروشی پر مجبور کیا گیا اور اس دوران بڑی بہن کے ساتھ زیادتی بھی کی گئی۔‘
پولیس نے دونوں لڑکیوں کے گھر سے جانے کی اطلاع پر اغوا کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔
تفتیش میں انکشاف کے دوران زیادتی کے شواہد سامنے آنے پر زیادتی کرنے والے ایک اور ملزم عمر یعقوب کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔
لڑکیوں کی بازیابی اور ملزمان کی گرفتاری پر سی پی او سید خالد ہمدانی نے ایس ایس پی انویسٹی گیشن، ایس پی صدر، اے ایس پی صدر اور دھمیال پولیس کی کارکردگی کو سراہا ہے۔

شیئر: