لاہور میں چار روز سے لاپتہ جنوبی افریقہ کی خاتون کا سُراغ مل گیا
ہفتہ 26 اگست 2023 15:35
ادیب یوسفزئی - اردو نیوز
جنوبی افریقہ کی شہری آمنہ کے پاکستانی شوہر گذشتہ سال انتقال کر گئے تھے (فائل فوٹو: بشکریہ فیملی)
منگل کے روز شاہدرہ ٹاؤن لاہور سے لاپتہ ہونے والی جنوبی آفریقہ کی خاتون آمنہ بی بی کا سراغ لگا لیا گیا ہے۔ آمنہ کے دیور محمد نواز بٹ نے اردو نیوز کو تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ آمنہ شاہدرہ ٹاؤن کے قریب ایک بس سٹیشن سے ملی ہیں۔
اس سے قبل انہوں نے مقامی پولیس سٹیشن میں ان کی گمشدگی کی رپورٹ درج کروائی تھی جس میں اغوا کا شبہ بھی ظاہر کیا گیا تھا۔
جنوبی افریقہ کی شہری آمنہ کے پاکستانی شوہر گذشتہ سال انتقال گئے تھے جس کے بعد وہ ایک دو سال میں پاکستان آتی ہیں اور اپنے بچوں کے ساتھ وقت گزارتی ہیں۔ آمنہ رواں سال بھی اسی مقصد سے پاکستان آئی ہیں۔
وہ لاہور میں اپنے شوہر کے گھر میں روایتی خاتون کی طرح بڑھ چڑھ کر ہر کام میں حصہ لیتی ہیں مگر منگل کے روز جب وہ اپنے بچوں کے لیے بیکری کا سامان لینے بازار گئیں تو پراسرار طور پر لاپتہ ہو گئیں اور چار دن گزر جانے کے باوجود بھی ان کا کوئی سراغ نہیں مل سکا تھا۔
آمنہ کے دیور کے بیٹے محمد عظیم طارق نے اردو نیوز کو بتایا تھا کہ ’آمنہ لاہور میں شاہدرہ کے مقامی راستوں کے علاوہ کسی اور راستے کا علم نہیں رکھتیں۔ منگل کے روز وہ گھر سے یہ کہہ کر نکلی تھیں کہ وہ بچوں کے لیے بیکری کا سامان لینے جا رہی ہیں‘ لیکن اس کے بعد وہ لاپتہ ہوگئیں۔ تاہم اب آمنہ کے خاندان نے اردو نیوز کو بتایا ہے کہ وہ شاہدرہ ٹاؤن کے قریب ایک بس سٹیشن سے مل چکی ہیں۔
آمنہ کے دیور محمد نواز بٹ نے بتایا کہ ’ان کو راستے معلوم نہیں تھے اس لیے وہ یہاں سے نکل کر بھٹک گئی تھیں۔ اس دوران وہ ریلوے سٹیشن پہنچ گئی تھیں۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ان کے پاس کچھ پیسے تھے جس کی مدد سے وہ چار روز تک کھانا کھاتی رہیں۔ آمنہ نے ہمیں بتایا کہ وہ کبھی اپنے پیسوں سے کھانا خریدتیں تو کبھی کسی سے مانگ لیتی تھیں۔‘
ان کے بقول ’آمنہ کے ساتھ اس دوران کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔ گذشتہ چار روز میں آمنہ کسی طرح شاہدرہ ٹاؤن تک پہنچ گئیں، تاہم ان کو آگے کا راستہ معلوم نہیں تھا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے شہر بھر کی دیواروں پر آمنہ کی تصویریں رابطہ نمبر کے ساتھ چسپاں کر دی تھیں۔ محمد نواز بٹ کے مطابق ’کل رات کو ہی 12 بجے کے بعد کسی نے رابطہ کیا کہ تصویر والی خاتون شاہدرہ بس سٹیشن پر موجود ہیں آپ آکر لے جائیں۔‘ اس کے بعد آمنہ کے گھر والے انہیں وہاں سے گھر لے آئے۔
خیال رہے کہ آمنہ کو اردو یا پنجابی کی کسی حد تک سمجھ تو آتی ہے، لیکن چند الفاظ کے علاوہ زیادہ نہیں بول سکتیں۔ اس سے قبل بھی آمنہ کئی بار لاپتہ ہو چکی ہیں، لیکن اکثر رات کے کسی پہر یا صبح واپس لوٹ آتی تھیں، تاہم اس بار جب چار دن گزر جانے کے باجود واپس نہیں آئیں تو گھر والوں نے مقامی پولیس سٹیشن میں شکایت درج کروا دی۔