Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

برطانیہ: ایئر ٹریفک کنٹرول میں خرابی سے ہزاروں مسافر پھنس گئے، 15 سو پروازیں منسوخ

روئٹرز کے مطابق اس مسئلے کی وجہ سے پیر کو 15 سو پروازیں منسوخ کی گئیں (فوٹو: اے ایف پی)
برطانیہ میں ایئر ٹریفک کنٹرول میں تکنیکی خرابی کے بعد حکومت کوشش کر رہی ہے کہ یورپ میں پھنسے مسافروں واپس لایا جا سکے۔ ممکنہ طور پر یہ خرابی دور کرنے میں کئی دن لگ سکتے ہیں۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق اس مسئلے کی وجہ سے پیر کو 15 سو پروازیں منسوخ کی گئیں، جس  کے بعد سارے نظام کو مینول طریقے پر شفٹ کیا گیا۔ اس وجہ سے گذشتہ روز یورپ کے ایئرپورٹس پر ہزاروں مسافر پھنسے رہے۔
لیور پول سے تعلق رکھنے والی ایک مسافر ماریہ بال نے کہا کہ ’ہم گذشتہ روز سات سے آٹھ گھنٹے تک پیرس کے ایئرپورٹ پر پھنسے رہے۔‘
ٹرانسپورٹ سیکریٹری مارک ہارپر نے خبردار کیا ہے کہ اس مسئلے کو حل کرنے میں کئی دن لگ سکتے ہیں۔
برطانوی وزیراعظم رشی سونک نے کہا ہے کہ وہ مسافروں کو پیش آنے والی مشکلات سے واقف ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ’ٹرانسپورٹ سیکریٹری متعلقہ اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔ وہ ایئرلائنز سے بات کریں گے کہ وہ مسافروں کی گھر واپسی کو جتنی جلد ہو سکے یقینی بنائیں۔‘
مارک ہارپر نے کہا کہ حکومتی اہلکار نہیں سمجھتے کہ یہ تکنیکی خرابی ہے، بلکہ یہ سائبر حملے کا نتیجہ ہے۔
ایوی ایشن کے امور پر نظر رکھنے والی کمپنی ’سیریوم‘ نے کہا کہ پیر کو برطانیہ سے روانہ ہونے والی 790 پروازیں اور برطانیہ آنے والی 785 فلائٹس منسوخ کی گئیں۔
برطانیہ کے مصروف ترین ہیتھرو ایئرپورٹ نے ٹوئٹر پر مسافروں کو پیغام دیا ہے کہ وہ سفر سے پہلے اپنی ایئرلائنز سے رابطہ کریں۔

شیئر: