Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کیپیٹل ہل پر دھاوا، ’پراؤڈ بوائز‘ کے رہنماؤں کو قید کی سزا

پراؤڈ بوائز کے رہنما ایتھن نورڈین کو 18 سال قید کی سزا سُنائی گئی ہے (فوٹو:اے پی)
امریکہ میں چھ جنوری 2021 کو کیپیٹل ہل پر حملے کے خلاف مقدمے میں دائیں بازو کی تنظیم ’پراؤڈ بوائز‘ کے دو رہنماؤں کو طویل قید کی سزائیں سُنائی گئی ہیں۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق غداری کی سازش کے مرتکب پراؤڈ بوائز کے رہنما ایتھن نورڈین کو 18 سال قید کی سزا سُنائی گئی ہے جو اب تک اس کیس میں دی جانے والی سزاؤں میں سب سے بڑی سزا کے برابر ہے۔
پراؤڈ بوائز کے ایک اور رہنما ڈومینک پیزولا نے اگرچہ مرکزی کردار ادا نہیں کیا لیکن انہیں حکومتی کارروائی میں رکاوٹ میں ڈالنے اور پولیس پر حملہ کرنے سمیت سنگین جرائم کا مرتکب قرار دیا گیا ہے۔
ڈومینک پیزولا کو 10 برس قید کی سزا سنائی گئی جنہوں نے عدالت سے نکلتے ہی ’ٹرمپ جیت گئے‘ کا نعرہ لگایا۔
امریکی ڈسٹرکٹ جج ٹموتھی کیلی نے کہا ہے کہ ’اگر ہم اس ملک میں اقتدار کی پُرامن منتقلی نہیں کر سکتے تو ہم کچھ نہیں کر سکتے۔‘
جج کے سامنے ایتھن نورڈین نے اپنے بیان میں چھ جنوری کے واقعے کو ’سانحہ‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ایک لیڈر بننے اور عوام کو پریشانی سے دور رکھنے کے لیے کیپیٹل ہل گئے تھے۔ اُن کی اہلیہ اور بہن نے رحم کی التجا کی۔
ایتھ نورڈین کے وکیل نک سمتھ نے 15 سے 21 ماہ کی سزا کے لیے دلائل دیے تھے۔
ڈومینک پیزولا کے وکلاء نے اپنے مؤکل کو تقریباً پانچ سال قید کی سزا سنانے کی استدعا کی۔
 پیزولا کے وکلا میں سے ایک سٹیون میٹکالف نے جج کو بتایا کہ پیزولا نے ’ہیٹ آف دا مومنٹ‘ میں یہ سب کیا۔

کیپیٹل ہل پر کیے گئے حملے میں مجموعی طور پر 140 پولیس افسران اور اہلکار زخمی بھی ہوئے تھے (فوٹو: روئٹرز)

ڈومینک پیزولا نے عدالت میں ایک جذباتی تقریر میں کہا کہ ’میں پچھتاوے کے ساتھ آپ کے سامنے کھڑا ہوں۔ مجھے اس دن کیپیٹل ہل میں رکاوٹوں کو عبور نہیں کرنا چاہیے تھا۔‘
استغاثہ نے ڈومینک پیزولا کو 20 سال قید کی سزا سنانے کی استدعا کی تھی۔
واضح رہے کہ گذشتہ سال نومبر میں امریکہ کے صدارتی انتخابات میں جو بائیڈن کی جیت کے بعد رواں برس 6 جنوری کو سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اشتعال انگیز تقریر کی تھی جس میں انہوں نے اپنے حامیوں کو لڑنے کے لیے اُکسایا تھا۔
اس تقریر کے بعد ہونے والے پرتشدد واقعات میں چار افراد مارے گئے جبکہ کیپیٹل پولیس کا ایک افسر اگلے روز ہلاک ہوا تھا۔ اس کے علاوہ جن پولیس افسران نے کیپیٹل ہل کا دفاع کیا تھا ان میں سے چار نے بعد میں اپنی جان لے لی تھی۔
کیپیٹل ہل پر کیے گئے حملے میں مجموعی طور پر 140 پولیس افسران اور اہلکار زخمی بھی ہوئے تھے۔

شیئر: