دبئی ایئرپورٹ کا توسیعی منصوبہ، 240 ملین افراد سفر کر سکیں گے
اس وقت ایئرپورٹ سے 120 ملین افراد کے سفر کی گنجائش ہے (فوٹو: امارات الیوم)
متحدہ عرب امارات میں مطارات دبئی کے ایگزیکٹیو چیئرمین پال گریفتھ نے کہا ہے کہ ’دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی گنجائش بڑھانے کے لیے 6 ارب سے دس ارب درہم تک کے سرمائے سے توسیعی منصوبہ نافذ کیا جائے گا۔‘
الامارات الیوم کے مطابق پال گریفتھ نے کہا کہ ’مسافر ہالز میں نئی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ ایئرپورٹ پر آمد ورفت کا رقبہ بڑھایا جائے گا اور آپریشنل کارکردگی بہتر بنانے کے لیے چیک ان ڈیسک کی تعداد میں اضافہ ہوگا‘۔
’نئی حکمت عملی کے تحت جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ایئرپورٹ کی گنجائش بڑھانے کے ساتھ ایئرپورٹ سے سفر کرنے والوں کے تجربے کو زیادہ یادگار بنایا جائے گا۔‘
پال گریفتھ نے مزید کہا کہ ’آئندہ دس سے پندرہ برس کے دوران ایئرپورٹ کی گنجائش بڑھانے کے منصوبوں پر عمل درآمد ہوگا تاکہ دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ دنیا کا مصروف ترین ایئرپورٹ بن جائے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے 118 سے 120 ملین افراد کے سفر کی گنجائش ہے۔ دبئی ورلڈ سینٹرل فی الوقت تقریبا 26.5 ملین افراد کو سفر کی سہولت فراہم کررہا ہے۔‘
’ایئرپورٹ میں توسیع کا دوسرا مرحلہ مکمل ہونے پر 240 ملین افراد کے سفر کی گنجائش پیدا ہوجائے گی۔‘
یاد رہے کہ دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے 90 فضائی کمپنیاں دنیا کے 236 ایئرپورٹس کے لیے براہ راست پروازیں چلا رہی ہیں۔
’جولائی 2023 کے آخر تک 99 ممالک کے 236 ایئرپورٹس کے لیے 90 قومی اور بین الاقوامی فضائی کمپنیاں براہ راست پروازیں چلائی گئیں۔‘