سعودی رائل ریزرو اتھارٹی کی ابو ظبی میں شکار اور گھڑ سواری نمائش میں شرکت
سعودی رائل ریزرو اتھارٹی کی ابو ظبی میں شکار اور گھڑ سواری نمائش میں شرکت
اتوار 3 ستمبر 2023 21:39
ابوظبی میں ہونے والی نمائش 8 ستمبر تک جاری رہے گی (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کی امام ترکی بن عبداللہ رائل نیچر ریزرو ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے مملکت کی نمائندگی کرتے ہوئے اتوار کو ابوظبی میں شکار اور گھڑ سواری سے متعلق بین الاقوامی نمائش میں اپنے پویلین کا آغاز کیا ہے۔
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق ابوظبی کے نیشنل ایگزیبیشن سینٹر ’ادنک‘ میں ہونے والی نمائش 8 ستمبر تک جاری رہے گی۔
امام ترکی بن عبداللہ رائل نیچر ریزرو پویلین ابوظبی میں سعودی عرب کی نمائندگی کررہا ہے جہاں سکرینز اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے رائل ریزرو میں واقع تاریخی مقامات، جنگلی حیاتیات، پرکشش قدرتی مقامات اور منفرد ماحولیاتی مناظر نیز سیاحتی پروگراموں سے متعارف کرایا جارہا ہے۔
پویلین میں وزیٹرز کو سعودی معاشرے کے رسم و رواج سے بھی متعارف کرانے کا اہتمام ہے۔
پویلین میں تاریخی دستی مصنوعات کی صنعت کو جدید خطوط پر استوار کرنے کےلیے کی جانے والی کوششوں اور مقامی معاشرے کو اپنے قدموں پر کھڑا کرنے کے اقدامت سے بھی آگاہ کیا جارہا ہے۔ اس حوالے سے سلائی، کڑھائی، بنائی، سنگ تراشی اور پینٹنگ کے علاوہ شہد سازی کے طریقے بھی اجاگر کیے جارہے ہیں۔
سعودی پویلین میں وزیٹرز کو ایک ماڈل کے ذریعے تربہ شہر سے پچاس کلو میٹر کے فاصلے پر واقع شمال میں المشار جھیل سے بھی متعارف کرایا جارہا ہے جو حجاج کی قدیم کوفہ حج شاہراہ پر درب زبیدہ کی منزلوں میں سے ایک ہے۔
سعودی پویلین میں شکار کے حوالے سے بھی معلومات دی جارہی ہیں۔