دبئی اور ابوظبی میں ہوٹلوں کی بڑھتی ریزرویشن کی وجہ کیا ہے؟
چوتھی سہ ماہی کے دوران ہوٹلوں کی ریزرویشن میں 20 فیصد اضافہ ہوا ہے (فوڈو: ایس پی اے)
متحدہ عرب امارات میں سال رواں کی چوتھی سہ ماہی کے دوران دبئی اور ابوظبی کے بعض ہوٹلوں میں ریزرویشن کی شرح 95 فیصد تک ہوگئی۔
الامارات الیوم کے مطابق گزشتہ سال کی چوتھی سہ ماہی کے مقابلے میں سال رواں کی چوتھی سہ ماہی کے دوران ہوٹلوں کی ریزرویشن میں 20 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
ہوٹل عہدیداروں کا کہنا ہے ابوظبی اور دبئی میں ہوٹلوں کے مصروف ہونے کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ یہاں بڑی بڑی کانفرنسیں اور پروگرام ہورہے ہیں۔
دبئی میں کوپ 28 کانفرنس، دبئی فضائی کانفرنس، ایڈبک نمائش، ابوظبی میں فارمولا ون ریس اور تفریحاتی سیاحت میں غیرمعمولی اضافہ بھی ہوٹلوں کے کاروبار میں اضافے کا سبب ہے۔
ہوٹلز اور ریزورٹس کے ڈپٹی چیئرمین فارمارکیٹنگ اسامہ کا کہنا ہے دبئی اورابوظبی کے ہوٹلوں میں ریزرویشن کی شرح کم از کم 90 تا 95 فیصد کے درمیان میں ہے۔
اس سے قبل دبئی محکمہ اقتصادیات و سیاحت نے کہا تھا کہ’ 2022 کے آخر تک ہوٹلوں کی تعداد 804 تک پہنچ گئی جو2021 کے آخر کے مقابلے میں 6.5 فیصد زیادہ ہے‘۔
خبررساں ادارے وام نے محکمہ اقتصادیات و سیاحت کے حوالے سے بتایا تھا کہ ’دبئی میں 2019 کے دسمبر کے آخر میں ہوٹلوں کی تعداد 741 تھی۔ گزشتہ تین برسوں کے دوران دبئی میں نئے ہوٹل قائم کیے گئے‘۔