ہوٹلوں پر نئی تخفیف شدہ فیسیں یکم ستمبر 2023 سے نافذ العمل ہوں گی۔ فوٹو گلف ٹوڈے
محکمہ ثقافت و سیاحت ابوظبی نے مہمان نوازی اور سیاحت کے شعبے کو مزید ترقی اور فروغ دینے کے لیے امارات میں ہوٹلوں پر عائد سرکاری فیسوں میں کمی کردی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق امارات کی نیوز ایجنسی نے ہفتہ کو رپورٹ کیا ہے کہ ہوٹلوں پر لاگو سرکاری فیس میں کمی سے ابوظہبی کو عالمی سیاحتی اور تفریحی مقام کے طور پر مزید وسعت ملے گی۔
سرکاری فیس میں کی گئی نظرثانی کے باعث ہوٹل میں آنے والے مہمانوں کے لیے سیاحتی فیس 6 فیصد سے کم کرکے 4 فیصد اور فی کمرہ فی رات 15 درھم میونسپلٹی فیس نہیں لی جائے گی۔
اس کے علاوہ ہوٹل ریستورانوں پر لاگو 6 فیصد سیاحتی فیس اور 4 فیصد میونسپلٹی فیس کو ختم کرنا بھی شامل ہے۔
دوسری طرف ہوٹل میں آنے والوں کو جاری کی گئی انوائس پر چار فیصد میونسپلٹی فیس جاری رہے گی۔
ہوٹلوں پر نئی تخفیف شدہ فیسیں یکم ستمبر 2023 سے نافذ العمل ہوں گی اور ابوظبی ایگزیکٹو کونسل کی ہدایات پر عمل کیا جائے گا۔
اس تبدیلی کا مقصد امارات میں آنے والے سیاحوں اور رہائشیوں کو مہمان نوازی کی پیشکشوں سے فائدہ اٹھانے اور لطف اندوز ہونے کے ساتھ ساتھ سیاحت کے شعبے کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔