Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

افغانستان کے خلاف جیت، سری لنکا ایشیا کپ کے سُپر فور مرحلے میں پہنچ گیا

دونوں ٹیموں کے درمیان میچ لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلا گیا۔ (فوٹو: افغان کرکٹ بورڈ/ٹوئٹر)
ایشیا کپ کے اہم میچ میں سری لنکا نے افغانستان کو دو رنز سے شکست دے کر سُپرفور مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔
منگل کو لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے افغانستان کو 292 رنز کا ہدف دیا۔
افغانستان کو سُپرفور مرحلے کے لیے کوالیفائی کرنے کے لیے یہ ہدف 37.1 اوورز میں حاصل کرنا تھا جس میں وہ ناکام رہے اور 37.4 اوورز میں پوری ٹیم آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئی۔
سری لنکا ایشیا کپ کے سُپرفور مرحلے میں پہنچنے والی چوتھی ٹیم بن گئی ہے۔ اس سے قبل پاکستان، انڈیا اور بنگلہ دیش سُپر فور مرحلے کے لیے کوالیفائی کر چکے ہیں۔
سری لنکا کی جانب سے کوشل مینڈس نے 84 گیندیں کھیل کر 92 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ پتھُن نسانکا نے 41 رنز بنائے۔
ڈیمٹھ کرونارتنے نے 32، چرتھ اسالنکا نے 36 اور ڈونتھ ویلالگے بت 33 رنز بنائے۔
افغانستان کی جانب سے گلبدین نائب نے چار، راشد خان نے دو اور مجیب الرحمان نے ایک وکٹ حاصل کی۔
افغانستان کی جانب سے محمد نبی نے 32 گیندوں پر 65 رنز کی برق رفتار اننگر کھیلی جبکہ کپتان حشمت اللہ شاہدی نے 66 گیندوں پر 59 رنز کی اننگز کھیلی۔
افغانستان کے دیگر بیٹرز میں سے رحمت شاہ نے 45، راشد خان نے 27، کریم جنت نے 22 اور نجیب اللہ زادران نے 23 رنز بنائے۔
سری لنکا کی جانب سے کاسُن راجیتھا نے چار، ڈونتھ ویلالگے اور دھننجیا ڈی سلوا نے دو، دو جبکہ مہیش ٹھیکشانا اور ماتھیشا پتھیرانا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

شیئر: