سعودی عرب : ٹریفک حادثات سے اموات میں 35 فیصد کمی
جمعرات 7 ستمبر 2023 18:35
عالمی ادارے کی رپورٹ کے مطابق 2016 میں حادثات میں 9.3 ہزار اموات ہوئی (فوٹو، ٹوئٹر)
سعودی عرب میں گزشتہ پانچ برسوں کے دوران ٹریفک حادثات میں 35 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔ عالمی ادارہ صحت کی رپورٹ کے مطابق 2016 میں ٹریفک حادثات سے ہونے والی اموت 9.3 ہزار تھیں جو 2021 میں گھٹ کر 6.65 ہزار رہ گئیں۔
اخبار 24 کے مطابق اقوام متحدہ 2030 تک ٹریفک حادثات سے ہونے والی اموات میں پچاس فیصد تک کمی کا ہدف مقرر کیے ہوئے ہے۔ سعودی عرب کی مذکورہ کامیابی عالمی ہدف کی تکمیل کا باعث بنے گی۔
سعودی عرب نے ایک لاکھ نفوس پر اموات کی شرح میں کمی کے حوالے سے سالانہ سٹراٹیجک اہداف مقرر کیے ہیں اور سٹراٹیجک کارکردگی کا گراف حاصل کرنے والا نیا طریقہ کار ترتیب دیا ہے۔
سعودی عرب میں ٹریفک سلامتی کی کمیٹیوں اور ٹریفک سلامتی کی وزارتی کمیٹی میں شامل ادارے شاہراہوں میں بڑے پیمانے پر اصلاحات کرکے بڑے ٹریفک حادثات کی تعداد کم کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔
نئے نظام کے مطابق شاہراہوں کو سلامتی کے تقاضوں سے آراستہ کیا جائے گا تمام شاہراہوں پر جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ٹریفک خلاف ورزیوں پر نظر رکھی جائے گی۔ بھرپور طریقے سے الیکٹرانک نگرانی ہوگی۔ سعودی عرب نے ملک کے پانچ علاقوں میں فضائی ایمبولینس سروس بھی موثر کردی ہے۔